English Al Qamar Urdu جون 22, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

 اقتصادی سروے: ملک میں مویشیوں کی تعداد میں اضافہ

القمر

اسلام آباد: قومی اقتصادی سروے 2025-26 میں رپورٹ کیا گیا ہے کہ رواں مالی سال ملک بھر میں گدھوں، گھوڑوں، خچروں سمیت مختلف جانوروں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے جبکہ لائیو اسٹاک شعبے کی مجموعی شرح نمو 3.8 فیصد ریکارڈ کی گئی ہے۔

سروے کے مطابق ملک میں گدھوں کی تعداد بڑھ کر 61 لاکھ 60 ہزار تک پہنچ گئی ہے، جس میں سالانہ بنیادوں پر 1.9 فیصد اضافہ دیکھا گیا ہے۔ اسی طرح خچروں کی تعداد میں بھی 1.8 فیصد اضافہ ہوا اور مجموعی تعداد دو لاکھ 21 ہزار ریکارڈ کی گئی۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ گھوڑوں کی تعداد میں بھی اضافہ ہوا ہے اور یہ بڑھ کر 3 لاکھ 86 ہزار تک پہنچ گئی ہے، جس میں سالانہ 0.8 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

قومی اقتصادی سروے کے مطابق بھینسوں کی تعداد بڑھ کر 4 کروڑ 91 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے، جس میں 3 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ اسی طرح گائے کی تعداد بھی بڑھ کر 6 کروڑ 19 لاکھ 60 ہزار تک پہنچ گئی ہے، جو 3.8 فیصد اضافے کو ظاہر کرتی ہے۔

اسی طرح بکریوں کی تعداد میں بھی اضافہ دیکھا گیا ہے جو بڑھ کر 9 کروڑ 18 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے، جبکہ سالانہ بنیاد پر 2.7 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ بھیڑوں کی تعداد بھی بڑھ کر 3 کروڑ 35 لاکھ سے زیادہ ہو گئی ہے، جس میں 1.2 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

سروے میں مزید بتایا گیا ہے کہ اونٹوں کی تعداد میں بھی اضافہ ہوا ہے اور یہ بڑھ کر 11 لاکھ 93 ہزار تک پہنچ گئی ہے، جو 1.4 فیصد اضافہ ظاہر کرتا ہے۔

رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال ماہی گیری کے شعبے میں بھی بہتری دیکھی گئی ہے اور اس شعبے میں 1.7 فیصد نمو ریکارڈ کی گئی ہے، جو مجموعی زرعی اور لائیو اسٹاک شعبے کی مثبت کارکردگی کی عکاسی کرتی ہے۔

  • ویب ڈیسک
  • وہاج فاروقی

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے