English Al Qamar Urdu جون 22, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

پنکی ڈرگ والی پر ڈرامے کے بجائے فلم بننی چاہیے تھی، وزیراطلاعات پنجاب

القمر

لاہور: وزیراطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ “پنکی ڈرگ والی” جیسے موضوع پر ڈرامہ بنانے کے بجائے اس پر باقاعدہ فلم بننی چاہیے تھی کیونکہ ایسے حساس اور اہم موضوعات کو بڑے پردے پر زیادہ مؤثر انداز میں پیش کیا جا سکتا ہے۔

لاہور میں معروف ہدایت کارہ سنگیتا کی نئی فلم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز صوبے میں فلم اور سنیما انڈسٹری کی بحالی اور بہتری کے لیے خصوصی اقدامات کر رہی ہیں تاکہ نوجوان نسل کو موبائل اور اسکرین سے نکال کر دوبارہ سنیما گھروں کی طرف لایا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں صلاحیتوں کی کوئی کمی نہیں اور اگر ہم اچھے ڈرامے بنا سکتے ہیں تو معیاری فلمیں بھی بنا سکتے ہیں۔ نوجوان ہدایت کاروں کو جدید سوچ کے ساتھ فلمی صنعت میں آگے بڑھنا چاہیے تاکہ پاکستانی سنیما کو نئی سمت دی جا سکے۔

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ ڈیجیٹل پلیٹ فارمز نے دنیا بھر میں فلم انڈسٹری کو نئی شکل دی ہے، اس لیے پاکستان کو بھی اس تبدیلی سے فائدہ اٹھاتے ہوئے معیاری اور بامقصد مواد تیار کرنا ہوگا، فلم صرف کسی مخصوص طبقے کے لیے نہیں بلکہ پورے معاشرے کی عکاسی ہونی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب فلم سٹی منصوبے پر کام کر رہی ہے جہاں جدید سہولیات فراہم کی جائیں گی تاکہ مقامی سطح پر عالمی معیار کی فلمیں بنائی جا سکیں،اس منصوبے سے نوجوان فلم سازوں اور طلبہ کو بھی عملی مواقع حاصل ہوں گے۔

وزیراطلاعات پنجاب نے کہا کہ “پنکی ڈرگ والی” جیسے موضوعات پر فلمی پروجیکٹس زیادہ مؤثر ثابت ہو سکتے ہیں کیونکہ بڑے پردے پر ان موضوعات کی پیشکش عوامی شعور بیدار کرنے میں اہم کردار ادا کرتی ہے، حکومت کا مقصد پاکستان کی فلمی صنعت کو دوبارہ فعال کرنا اور مثبت کہانیوں کے ذریعے ملک کا بہتر تشخص دنیا کے سامنے پیش کرنا ہے، تاکہ نوجوانوں کو معیاری تفریح اور تخلیقی مواقع دونوں میسر آ سکیں۔

  • ویب ڈیسک
  • وہاج فاروقی

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے