English Al Qamar Urdu جون 22, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

 اٹلی میں دلخراش واقعہ، چار پاکستانی زرعی مزدور جل کر جاں بحق، دو افراد گرفتار

القمر

کالابریا: اٹلی کے جنوبی علاقے کالابریا میں ایک افسوسناک واقعے میں چار پاکستانی زرعی مزدور جل کر جاں بحق ہو گئے ہیں جبکہ پولیس نے واقعے کے بعد دو پاکستانی شہریوں کو گرفتار کر لیا ہے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ کالابریا کے زرعی علاقے امیندولارا گاؤں میں پیش آیا، جہاں پیٹرول پمپ کے قریب ایک جلی ہوئی منی وین برآمد ہوئی۔ فائر فائٹرز نے آگ پر قابو پانے کے بعد گاڑی کے اندر سے چار افراد کی لاشیں نکالیں۔

پولیس کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں سامنے آنے والی سی سی ٹی وی فوٹیج میں دو افراد کو منی وین کے دروازے باہر سے بند کرتے اور بعد ازاں کسی مائع مادے کے ذریعے گاڑی کو آگ لگاتے ہوئے دیکھا گیا، جس کے بعد دونوں ملزمان موقع سے فرار ہو گئے۔

مقامی پولیس چیف نے واقعے کو باضابطہ طور پر قتل قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ معاملے کی ہر پہلو سے تفتیش جاری ہے اور اصل محرکات معلوم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، گرفتار ہونے والے دونوں افراد سے تفتیش کی جا رہی ہے تاکہ واقعے کی مکمل حقیقت سامنے آ سکے۔

میڈیا رپورٹس میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ اسی علاقے میں گزشتہ چند مہینوں کے دوران پاکستانی مزدوروں کو لے جانے والی گاڑیوں کو جلانے کے کم از کم 14 واقعات رپورٹ ہو چکے ہیں، جن کی بڑی وجہ زرعی شعبے میں کام کرنے والے مہاجر مزدوروں کے درمیان رہائش، روزگار اور قانونی دستاویزات سے متعلق تنازعات بتائی جا رہی ہے۔

یہ واقعہ یورپ میں تارکین وطن مزدوروں کی حفاظت اور ان کے حالاتِ کار سے متعلق ایک بار پھر سنگین سوالات کو جنم دے رہا ہے جبکہ انسانی حقوق کی تنظیموں نے بھی اس واقعے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔

  • ویب ڈیسک
  • وہاج فاروقی

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے