English Al Qamar Urdu جون 22, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

پارلیمنٹ کے باہر احتجاج کے اعلان پر پی ٹی آئی قیادت لاعلم رہی، ذرائع

القمر

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما سہیل آفریدی کی جانب سے پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر احتجاج کے اعلان پر پارٹی کی مرکزی قیادت اور اپوزیشن رہنماؤں کو اعتماد میں نہیں لیا گیا۔

ذرائع کے مطابق سہیل آفریدی نے احتجاج کے اعلان اور فیصلے سے متعلق پاکستان تحریک انصاف کی مرکزی قیادت کو آگاہ نہیں کیا جبکہ اپوزیشن جماعتوں اور تحریک تحفظ آئین پاکستان کی قیادت سے بھی اس معاملے پر کوئی مشاورت نہیں کی گئی۔

پی ٹی آئی ذرائع کا کہنا ہے کہ بانی چیئرمین عمران خان نے احتجاج اور دیگر سیاسی فیصلوں کا اختیار اپوزیشن قیادت کو دے رکھا ہے، اس لیے ایسے اہم فیصلوں میں مشاورت ضروری ہے۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے اطلاعات و تعلقات شفیع جان نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر احتجاج کا فیصلہ بطور چیف ایگزیکٹو سہیل آفریدی نے کیا، سہیل آفریدی صوبے اور پارٹی کے مفاد میں جو بہتر سمجھیں گے، وہی کریں گے۔

شفیع جان نے مزید کہا کہ تحریک تحفظ آئین پاکستان کی قیادت اور اپوزیشن جماعتوں کو اس فیصلے سے آگاہ کر دیا جائے گا اور احتجاج کے حوالے سے باقاعدہ مشاورت بھی کی جائے گی۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز اڈیالہ جیل سے واپسی پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سہیل آفریدی نے اعلان کیا تھا کہ اگر انہیں دیوار سے لگانے کی کوشش کی گئی تو 10 جون کو قومی اسمبلی کے سامنے دھرنا دیا جائے گا اور وفاقی بجٹ منظور نہیں ہونے دیا جائے گا۔

  • ویب ڈیسک
  • وہاج فاروقی

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے