English Al Qamar Urdu جون 22, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

دیامر: مسلم لیگ ن کی انتخابی ریلی میں ہوائی فائرنگ، نوجوان جاں بحق، 3 افراد زخمی

القمر

دیامر: گلگت بلتستان کے ضلع دیامر کے حلقہ جی بی اے 18 تانگیر میں مسلم لیگ ن کی انتخابی ریلی کے دوران ہوائی فائرنگ کے واقعے میں ایک نوجوان جاں بحق جبکہ تین افراد زخمی ہو گئے۔

پولیس کے مطابق ریلی کے دوران ہوائی فائرنگ کی گئی، جس کے نتیجے میں ایک گولی لگنے سے نوجوان موقع پر ہی دم توڑ گیا۔ واقعے میں تین دیگر افراد بھی زخمی ہوئے جنہیں فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا، جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔

ابتدائی پولیس مؤقف کے مطابق واقعہ مبینہ طور پر اس وقت پیش آیا جب ریلی کے دوران ایک شخص کے ہاتھ سے بندوق پھسل گئی، جس کے باعث فائرنگ ہوئی اور گولیاں حاضرین کو لگ گئیں۔ پولیس نے واقعے کی مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں تاکہ اصل حقائق سامنے آ سکیں۔

حکام کے مطابق واقعے کے بعد علاقے میں صورتحال کشیدہ ہو گئی تاہم سیکیورٹی فورسز نے فوری طور پر کنٹرول سنبھال لیا اور ریلی کو منتشر کر دیا گیا۔

ادھر ہوم سیکرٹری گلگت بلتستان فیصل احسن پیرزادہ نے اس افسوسناک واقعے پر اظہارِ افسوس کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈی آئی جی اور ایس پی دیامر کو واقعے کی مکمل انکوائری کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے، انتخابی مہم کے دوران سیکیورٹی مزید سخت کرنے کے احکامات بھی جاری کر دیے گئے ہیں تاکہ آئندہ ایسے ناخوشگوار واقعات سے بچا جا سکے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی ہر پہلو سے تحقیقات کی جا رہی ہیں اور ذمہ داروں کے تعین کے بعد قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

  • ویب ڈیسک
  • وہاج فاروقی

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے