اسلام آباد : پاکستان مسلم لیگ ن کے سربراہ اور سابق وزیراعظم نواز شریف ایک بار پھر اچانک بیرون ملک روانہ ہو گئے ہیں، جہاں وہ سوئٹزرلینڈ کے شہر جنیوا میں اہم ملاقاتیں کریں گے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد میاں نواز شریف اسلام آباد سے نجی دورے پر سوئٹزرلینڈ کے شہر جنیوا کے لیے روانہ ہو چکے ہیں، ان کے اس غیر ملکی دورے کو موجودہ ملکی اور بین الاقوامی سیاسی تناظر میں انتہائی اہم قرار دیا جا رہا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ نواز شریف کا یہ دورہ اگرچہ نجی نوعیت کا ہے، تاہم وہاں ان کی کئی اہم مصروفیات طے ہیں، نواز شریف جنیوا میں قیام کے دوران ممکنہ طور پر اپنے قریبی دوستوں اور پارٹی کے اہم رہنمائوں سے ملاقاتیں کریں گے۔
ان ملاقاتوں کے دوران ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال، اہم امور اور باہمی دلچسپی کے دیگر اہم معاملات پر تفصیلی تبادلہ خیال بھی متوقع ہے۔
خیال رہے کہ جنیوا روانگی سے ٹھیک پہلے مسلم لیگ ن کے صدر نواز شریف نے گلگت بلتستان کا ایک روزہ مختصر لیکن انتہائی اہم دورہ کیا تھا، اس دورے کے دوران انہوں نے ایک بڑے عوامی اجتماع سے خطاب بھی کیا۔
عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف نے جی بی کے عوام سے بڑا وعدہ کیا کہ گلگت بلتستان کی ترقی کے لیے جو بھی نئے منصوبے شروع کیے جا رہے ہیں، وہ ان تمام ترقیاتی کاموں کی خود بذاتِ خود نگرانی کریں گے تاکہ کام شفاف اور تیز رفتار طریقے سے مکمل ہو سکے۔
