English Al Qamar Urdu جون 22, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

آزاد کشمیر الیکشن سے قبل 12 نشستیں ختم کرنے کا مطالبہ بلیک میلنگ ہے، خواجہ آصف

القمر

اسلام آباد: وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر اسمبلی کی پاکستان سے منتخب ہونے والی بارہ نشستیں ختم کرنے کا مطالبہ ایک غیر جمہوری عمل ہے، جو موجودہ انتخابی عمل کو سبوتاژ کرنے کی ایک شعوری کوشش کے سوا کچھ بھی نہیں ہے۔

نجی تی وی کے مطابق انہوں نے کہا کہ 27 جولائی کو آزاد کشمیر میں انتخابات ہونے جا رہے ہیں، ایسے میں ان نشستوں کو ختم کرنے کا مطالبہ کسی صورت درست نہیں۔ جمہوری تقاضا یہ ہے کہ جو لوگ یہ مطالبہ کر رہے ہیں، وہ اس معاملے کو براہِ راست عوام کے سامنے رکھیں۔

خواجہ آصف نے مزید کہا کہ خلقِ خدا کو یہ فیصلہ کرنے کا موقع دیا جانا چاہیے کہ وہ کس طرح کی نمائندگی چاہتے ہیں۔ اگر یہ فیصلہ عوام پر چھوڑ دیا جائے تو یہ ایک درست جمہوری سوچ ہوگی، بصورتِ دیگر اس مطالبے کو سیاسی بلیک میلنگ قرار دیا جائے گا۔

انہوں نے وضاحت کی کہ سیالکوٹ شہر اور تحصیل سے کشمیر اسمبلی کی ایک نشست ہے جبکہ پاکستان میں کشمیری مہاجرین کی ایک بڑی تعداد آباد ہے۔ اکتوبر 1947 میں ان لوگوں نے 2 لاکھ سے زائد جانوں کی قربانی دے کر پاکستان کی سرزمین میں پناہ لی تھی۔

وزیر دفاع نے کہا کہ ان مہاجرین نے ہجرت کے دوران ناقابلِ بیان مظالم برداشت کیے اور ہزاروں بیٹیاں اغوا ہوئیں۔ اتنی بڑی قربانیاں دینے والے ان مہاجرین کو ان کے حقِ نمائندگی سے محروم کرنا کسی بھی لحاظ سے انصاف کے تقاضوں کے مطابق نہیں ہو سکتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ کئی دہائیوں تک ان مہاجرین نے انتہائی کسمپرسی اور بنیادی سہولتوں سے محرومی کی حالت میں زندگی گزاری ہے۔ ان لوگوں نے آزادی کی بہت مہنگی قیمت ادا کی ہے، اس لیے اپنی رائے کو تسلیم کروانے کے لیے صرف جمہوری راستہ ہی اپنانا چاہیے۔

وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ سیاسی جماعتوں اور ایکشن کمیٹی کو چاہیے کہ وہ انتخابات کے پرامن انعقاد کو یقینی بنائیں اور عوام کے مینڈیٹ کا احترام کریں۔ کسی بھی مطالبے کو طاقت کے زور پر منوانے کے بجائے جمہوری عمل کا حصہ بننا وقت کی سب سے بڑی ضرورت ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے