ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

حکومت نے پیٹرول 4 روپے فی لیٹر سستا کر دیا، ڈیزل کی قیمت برقرار، عوامی مشکلات جوں کی توں

اسلام آباد: حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اعلان کرتے ہوئے پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں معمولی کمی کر دی ہے، ڈیزل کی قیمت برقرار رکھی گئی ہے۔

پیٹرولیم ڈویژن کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 4 روپے فی لیٹر کمی کی گئی ہے، جس کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 377 روپے 78 پیسے فی لیٹر مقرر کر دی گئی ہے۔ دوسری جانب ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی اور اسے 380 روپے 78 پیسے فی لیٹر پر برقرار رکھا گیا ہے۔

اعلان کے مطابق نئی قیمتوں کا اطلاق آج رات 12 بجے سے ہوگا اور یہ آئندہ مدت کے لیے نافذ العمل رہیں گی۔

دوسری جانب عوامی حلقوں میں اس فیصلے پر ملا جلا ردعمل سامنے آیا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ پیٹرول کی قیمت میں معمولی کمی کے باوجود مجموعی مہنگائی میں کوئی واضح ریلیف نظر نہیں آتا کیونکہ ٹرانسپورٹ، اشیائے خورونوش اور روزمرہ استعمال کی دیگر ضروریات کی قیمتیں پہلے ہی بلند سطح پر موجود ہیں۔

عوام کا کہنا ہے کہ حکومت ایک جانب ایندھن کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ کرتی ہے، جس کے اثرات براہِ راست مہنگائی کی صورت میں عام شہری تک پہنچتے ہیں جبکہ دوسری جانب معمولی کمی کر کے اسے بڑا ریلیف قرار دیا جاتا ہے، جو زمینی حقائق سے مطابقت نہیں رکھتا۔

شہریوں کے مطابق پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کا سب سے زیادہ اثر ٹرانسپورٹ کے کرایوں اور کھانے پینے کی اشیاء پر پڑتا ہے، جس سے پہلے ہی مہنگائی کی چکی میں پستے ہوئے عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ ہو جاتا ہے۔

حکومتی ذرائع کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا تعین عالمی مارکیٹ کے رجحانات اور زرمبادلہ کی صورتحال کو مدنظر رکھ کر کیا جاتا ہے، اور کوشش کی جاتی ہے کہ عوام پر بوجھ کو کسی حد تک کم کیا جا سکے۔

اس کے باوجود عوام کا کہنا  تھا کہ جب تک مجموعی مہنگائی پر قابو نہیں پایا جاتا، صرف پیٹرول کی معمولی کمی سے عام شہری کی زندگی میں کوئی بڑا فرق محسوس نہیں ہوگا۔

  • ویب ڈیسک
  • وہاج فاروقی

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں