English Al Qamar Urdu جون 22, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

 پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان بڑے سرمایہ کاری معاہدے، موٹرویز، بندرگاہوں پر اتفاق

القمر

اسلام آباد: پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان سرمایہ کاری کے شعبے میں تعاون بڑھانے کے لیے متعدد اہم معاہدے طے پا گئے ہیں، جن پر دستخط سعودی پاک جوائنٹ بزنس کونسل کے اجلاس کے دوران کیے گئے۔

سرکاری ذرائع کے مطابق اس اجلاس کی میزبانی اسپیشل انویسٹمنٹ فیسلیٹیشن کونسل (ایس آئی ایف سی) اور پاک سعودی جوائنٹ بزنس کونسل نے مشترکہ طور پر کی۔ اجلاس کی صدارت سابق نگراں وزیر گوہر اعجاز اور پاک سعودی جوائنٹ بزنس کونسل کے چیئرمین فواد مختار نے کی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان بنیادی ڈھانچے کی ترقی، بندرگاہوں کی اپ گریڈیشن اور موٹرویز کی تعمیر سے متعلق اہم معاہدے طے پائے ہیں۔ ان معاہدوں کے تحت خاص طور پر کراچی سے حیدرآباد تک موٹروے کی تعمیر پر پیش رفت ہوئی ہے، جسے ملک میں ٹرانسپورٹ اور تجارتی سرگرمیوں کے لیے ایک اہم منصوبہ قرار دیا جا رہا ہے۔

حکومتی ذرائع کے مطابق دونوں ممالک نے رئیل اسٹیٹ، معدنی وسائل کی ترقی اور توانائی کے شعبوں میں بھی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔ ان معاہدوں پر سعودی پاک بزنس کونسل کے چیئرمین شہزادہ منصور بن محمد السعود نے دستخط کیے۔

اجلاس میں سعودی وفد کی قیادت بھی شہزادہ منصور بن السعود نے کی، جبکہ پاکستان کی جانب سے وفاقی وزرا مصدق ملک، علی پرویز ملک اور مشیر نجکاری محمد علی نے شرکت کی۔ اجلاس میں اعلیٰ سطح پر حکومتی اور کاروباری شخصیات کی موجودگی کو دونوں ممالک کے درمیان بڑھتے ہوئے اقتصادی تعلقات کی علامت قرار دیا جا رہا ہے۔

ذرائع کے مطابق سعودی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں مختلف مشترکہ منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ ان میں پاور سیکٹر، ٹرانسمیشن لائنز، اسمارٹ میٹرنگ، پیٹرولیم اور معدنی وسائل کے منصوبے شامل تھے۔ اس کے علاوہ بندرگاہوں کی ترقی اور لاجسٹکس کے شعبے میں بھی سرمایہ کاری کے مواقع پر روشنی ڈالی گئی۔

اجلاس کے دوران پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان بزنس ٹو بزنس ملاقاتیں بھی ہوئیں، جبکہ حکومتی سطح پر بھی مختلف اقتصادی منصوبوں پر بات چیت کی گئی۔ ان ملاقاتوں کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان براہ راست سرمایہ کاری کو فروغ دینا اور نجی شعبے کے کردار کو مضبوط بنانا بتایا گیا ہے۔

اس موقع پر اسپیشل انویسٹمنٹ فیسلیٹیشن کونسل کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل اسدالرحمٰن نے سعودی وفد کا شکریہ ادا کیا اور پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھانے کی دعوت دی۔

  • ویب ڈیسک
  • وہاج فاروقی

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے