ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

 پی ٹی آئی قیادت میں اختلافات کی تردید، شیخ وقاص اکرم نے صورتحال کو غلط فہمی قرار دے دیا

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم نے پارٹی قیادت اور خیبر پختونخوا کی صوبائی حکومت کے درمیان مبینہ اختلافات کی خبروں کو مسترد کرتے ہوئے انہیں غلط فہمی قرار دے دیا ہے۔

نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے شیخ وقاص اکرم نے واضح کیا کہ ان کے اور خیبر پختونخوا کے وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی کے درمیان کسی قسم کے اختلافات موجود نہیں ہیں،حالیہ صورتحال صرف غلط فہمی اور رابطے کے فقدان کا نتیجہ تھی، جسے میڈیا میں غلط انداز میں پیش کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر ہونے والے احتجاج کے بارے میں انہیں پیشگی معلومات نہیں دی گئیں اور انہوں نے میڈیا پر جو بیان دیا وہ صرف اس وقت کی دستیاب معلومات کی بنیاد پر تھا،پارٹی سطح پر اس احتجاج کے حوالے سے کوئی باضابطہ مشاورت نہیں ہوئی تھی، حتیٰ کہ بعد کے دو روز تک بھی اس معاملے پر کوئی تفصیلی رابطہ نہیں کیا گیا۔

شیخ وقاص اکرم نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ جب ایک ٹی وی پروگرام میں ان سے احتجاج سے متعلق سوال کیا گیا تو انہوں نے وہی مؤقف اپنایا جو ان کے علم میں تھا اور اس میں کسی قسم کا سیاسی اختلاف یا ذاتی مؤقف شامل نہیں تھا۔

انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کو پارٹی بانی نے منتخب کیا ہے اور پوری جماعت ان کے ساتھ کھڑی ہے، پارٹی کے اندرونی معاملات کو اختلافات کے بجائے تنظیمی رابطوں کے تناظر میں دیکھا جانا چاہیے۔

پی ٹی آئی رہنما نے اس بات پر بھی زور دیا کہ پارٹی ایک منظم سیاسی جماعت ہے اور اس میں قیادت اور کارکنان کے درمیان رابطے کا عمل جاری رہتا ہے، بعض اوقات معلومات کی کمی یا وقت پر مشاورت نہ ہونے کی وجہ سے غلط فہمیاں پیدا ہو جاتی ہیں، جنہیں بات چیت کے ذریعے دور کیا جاتا ہے۔

دوسری جانب پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ قیادت اس معاملے کو خوش اسلوبی سے حل کرنے کے لیے کوشاں ہے اور کسی بھی قسم کے اختلافات کو بڑھنے نہیں دیا جائے گا۔

  • ویب ڈیسک
  • وہاج فاروقی

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں