کوئٹہ: بلوچستان نیشنل پارٹی نے صوبہ بھرمیں 10جون کو شٹرڈاؤن ہڑتال کااعلان کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق بلوچستان نیشنل پارٹی نے خضدار کے علاقے بلبل زہری میں پیش آنے والے واقعات اور سیاسی کارکنوں کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کے خلاف 10جون کوہڑتال کا علان بی این پی مرکزی صدر سردار اختر جان مینگل کی زیرِ صدارت وڈھ میں منعقدہ مرکزی کابینہ اور سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے ہنگامی اجلاس میں کیا ۔ اجلاس کی کارروائی ڈپٹی سیکرٹری جنرل ملک نصیر احمد شاہوانی نے چلائی۔جبکہ اجلاس میں پارٹی کے مرکزی سینئر نائب صدر ایڈووکیٹ ساجد ترین، آغا حسن بلوچ، رئیس ڈاکٹر عبدالقدوس کرد، میر اختر حسین لانگو، احمد نواز بلوچ، موسیٰ بلوچ، شکیلہ نوید دہوار، صمند بلوچ سمیت سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے دیگر اراکین نے شرکت کی۔
بی این پی کے اجلاس میں 2 جون کو سردار نصیر احمد موسیانی کے گھر پر ہونے والے آپریشن، میر خلیل موسیانی اور عمیر سمالانی کی شہادت، اور دیگر افراد کی گرفتاریوں پر شدید تشویش کا اظہار کیا گیا۔ اس موقع پرپارٹی قیادت نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ اس معاملے پر کسی بھی سطح پر سمجھوتہ نہیں کرے گی اور لواحقین کو انصاف دلانے تک ہر جمہوری محاذ پر جدوجہد جاری رکھے گی۔
بی این پی نے اعلان کیا کہ واقعہ کے ذمہ داران کے خلاف اعلیٰ عدالتی سطح پر قانونی چارہ جوئی کے لیے ایک خصوصی لیگل ٹیم تشکیل دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ، دیگر سیاسی جماعتوں سے رابطے اور انہیں اعتماد میں لینے کے لیے ایک کمیٹی قائم کی گئی ہے تاکہ بلبل زہری واقعے اور بلوچستان بھر میں سیاسی کارکنوں کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کے خلاف ایک مشترکہ اور وسیع سیاسی تحریک کا آغاز کیا جا سکے۔
