دیامر : گلگت بلتستان اسمبلی کے 24 حلقوں میں انتخابات کل ہوں گے۔
گلگت بلتستان میں کل ہونے والےانتخابات کے لئے انتظامات آخری مراحل میں داخل ہو چکے ہیں جبکہ مختلف علاقوں میں انتخابی سامان اور عملے کی ترسیل کا عمل جاری ہے۔
ضلع دیامر کے ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسر کیپٹن (ر) محمد اویس عباسی کے مطابق ضلع دیامر میں عام انتخابات کے انعقاد کے لیے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں، ضلع کے چار حلقوں میں مجموعی طور پر 173 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں، جن میں مرد ووٹرز کے لیے 68، خواتین کے لیے 67 جبکہ 38 مشترکہ پولنگ اسٹیشنز شامل ہیں۔
ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسر کے مطابق ضلع دیامر میں ایک لاکھ 58 ہزار سے زائد ووٹرز اپنا حقِ رائے دہی استعمال کریں گے۔ انتخابی عمل کے پرامن انعقاد کے لیے ڈیوٹی مجسٹریٹس، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور جی بی اسکاؤٹس کی خدمات حاصل کی جا رہی ہیں۔ آئندہ دو گھنٹوں کے دوران انتخابی عملے اور سامان کی ترسیل مکمل کر لی جائے گی، جبکہ پوسٹل بیلٹ جمع کرانے کی آخری مہلت رات 12 بجے تک ہے، اس کے بعد موصول ہونے والے بیلٹ قابل قبول نہیں ہوں گے۔
حکام کے مطابق پولنگ صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہے گی اور ووٹ ڈالنے کے لیے ہر شہری کے پاس قومی شناختی کارڈ کا ہونا لازمی ہوگا۔
