گلگت بلتستان: خیبرپختونخوا کے وزیر اطلاعات شفیع جان نے دعویٰ کیا ہے کہ گلگت بلتستان اسمبلی کے انتخابات میں مختلف حلقوں سے موصول ہونے والے فارم45کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کو برتری حاصل ہے۔
اپنے بیان میں شفیع جان نے کہا کہ گلگت بلتستان میں انتخابی عمل کا آخری اور اہم مرحلہ شروع ہو چکا ہے اور اس وقت ووٹ کے تحفظ اور نتائج کے عمل پر مکمل نظر رکھنے کا وقت ہے، زمینی صورتحال میں پی ٹی آئی دیگر سیاسی جماعتوں کے مقابلے میں واضح برتری حاصل کیے ہوئے ہے۔
انہوں نے کہا کہ عوام اپنے ووٹ کے تحفظ کے لیے نتائج کے عمل کی نگرانی کریں اور انتخابی نتائج کے ہر مرحلے کو قریب سے دیکھا جائے،مختلف حلقوں سے موصول ہونے والے فارم45کے مطابق پی ٹی آئی کو سبقت حاصل ہے۔
صوبائی وزیر اطلاعات نے مزید دعویٰ کیا کہ انتخابات کے دوران دیگر سیاسی جماعتوں کے پولنگ کیمپ کئی مقامات پر خالی نظر آئے، جس سے انتخابی ماحول میں عوامی دلچسپی کا فرق ظاہر ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ انتخابی عمل کا آخری مرحلہ انتہائی اہم ہے اور اسی مرحلے میں ووٹ کی اصل حفاظت ممکن ہوتی ہے، اس لیے تمام سیاسی کارکنان اور ووٹرز کو محتاط رہنے کی ضرورت ہے۔
واضح رہے کہ گلگت بلتستان میں انتخابی نتائج کے حوالے سے مختلف سیاسی جماعتوں کی جانب سے بیانات سامنے آ رہے ہیں جبکہ حتمی سرکاری نتائج کا انتظار کیا جا رہا ہے۔
