راولاکوٹ / مظفرآباد: آزاد کشمیر میں امن و امان کی صورتحال کے حوالے سے ترجمان انسپکٹر جنرل (آئی جی) پولیس کے مطابق راولاکوٹ میں کالعدم قرار دی گئی ایکشن کمیٹی سے منسوب مسلح عناصر کی فائرنگ کے نتیجے میں ان کے اپنے ہی 3 افراد مارے گئے جبکہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں سمیت متعدد افراد زخمی ہوئے۔
ترجمان آئی جی آزاد کشمیر کے مطابق 7 جون کو راولاکوٹ میں کالعدم ایکشن کمیٹی سے تعلق رکھنے والے مسلح عناصر نے امن و امان خراب کرنے کی کوشش کی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں پر منظم انداز میں فائرنگ کی، ان عناصر نے سی ایم ایچ راولاکوٹ کا محاصرہ کیا جس کے باعث اسپتال کی طبی خدمات اور معمول کی سرگرمیاں شدید متاثر ہوئیں۔
ترجمان کے مطابق صورتحال کے دوران قانون نافذ کرنے والے اداروں نے تحمل اور ذمہ داری کا مظاہرہ کیا اور 7 اور 8 جون کی درمیانی شب ایک محدود اور منظم کارروائی کے ذریعے سی ایم ایچ راولاکوٹ کا محاصرہ ختم کروا دیا گیا۔ اس کارروائی کے دوران شہریوں، مریضوں، طبی عملے اور سرکاری املاک کے تحفظ کو اولین ترجیح دی گئی۔
آئی جی پولیس کے ترجمان نے بتایا کہ کارروائی کے بعد اسپتال میں تمام طبی خدمات معمول کے مطابق بحال ہو چکی ہیں، 6 جون سے اب تک پیش آنے والے پرتشدد واقعات میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے 4 اہلکار شہید ہوئے جن میں راولاکوٹ پولیس کے 3 اہلکار اور فرنٹیئر کانسٹیبلری کا ایک اہلکار شامل ہے، جبکہ متعدد اہلکار زخمی بھی ہوئے ہیں۔
ترجمان کے مطابق کالعدم ایکشن کمیٹی کے مسلح عناصر کی جانب سے کی گئی فائرنگ کے دوران ان کے اپنے ہی 3 افراد ہلاک ہوئے جو اندھا دھند فائرنگ کا نتیجہ تھے۔ بعض ہلاکتیں 5 اور 6 جون کی درمیانی رات کے واقعات سے بھی منسلک بتائی گئی ہیں۔
دوسری جانب حکام کے مطابق 7 جون کو راولاکوٹ میں پولیس اہلکاروں پر تشدد کیا گیا اور ایک شہید اہلکار کی لاش کی بےحرمتی کے واقعات بھی سامنے آئے ہیں، سوشل میڈیا پر موجود ویڈیوز میں مبینہ طور پر مسلح عناصر کو پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں پر فائرنگ کرتے اور پرتشدد کارروائیوں میں ملوث دیکھا جا سکتا ہے۔
ادھر آزاد کشمیر کے دیگر اضلاع اور کوہالہ کے علاقوں میں معمولات زندگی بحال ہیں۔ کوہالہ میں تمام مارکیٹیں اور تجارتی مراکز کھلے رہے جبکہ عوام کی بڑی تعداد نے احتجاج کی کال کو مسترد کر دیا۔
واضح رہے کہ آزاد کشمیر حکومت کی جانب سے گزشتہ دنوں جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کو کالعدم قرار دیا گیا تھا جبکہ کالعدم تنظیم کی جانب سے 9 جون کو ہڑتال کی کال دی گئی ہے۔ صورتحال کے باعث خطے میں سکیورٹی ہائی الرٹ ہے اور حالات پر نظر رکھی جا رہی ہے۔
