اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے گلگت بلتستان کے حالیہ انتخابات کے نتائج مسترد کرتے ہوئے انہیں “جعلی اور دھاندلی زدہ” قرار دیا ہے اور دھاندلی کے خلاف احتجاج کے ساتھ وائٹ پیپر جاری کرنے کا اعلان کیا ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی خان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی گلگت بلتستان کے انتخابی نتائج کو تسلیم نہیں کرتی، نومنتخب اُمیدواروں کے حلف برداری کے روز گلگت بلتستان میں یومِ سیاہ منایا جائے گا۔
بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ اب تک پارٹی کے پاس تین حلقوں کے فارم 47 موجود ہیں،پی ٹی آئی آٹھ نشستوں پر واضح برتری کے ساتھ کامیابی حاصل کر رہی تھی اور ان نشستوں کے فارم 47 بھی پارٹی کو ملنے چاہئیں تھے۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ انتخابی عمل میں ووٹوں کے نتائج تبدیل کیے گئے اور ووٹرز کو اپنے حقِ رائے دہی کے آزادانہ استعمال سے روکا گیا، یہ عمل جمہوریت کے خلاف سازش کے مترادف ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے دعویٰ کیا کہ انتخابات سے قبل ہی دھاندلی کی گئی اور ایک منظم منصوبے کے تحت پی ٹی آئی کو انتخابی عمل سے باہر رکھنے کی کوشش کی گئی، اس وقت ملک کے 70 فیصد عوام پی ٹی آئی کے ساتھ کھڑے ہیں۔
پی ٹی آئی قیادت نے کہا ہے کہ انتخابی بے ضابطگیوں کے حوالے سے جلد ایک تفصیلی وائٹ پیپر جاری کیا جائے گا جبکہ احتجاجی حکمت عملی کا اعلان بھی آئندہ دنوں میں کیا جائے گا۔
