کویت کے احمد الجابر ایئر بیس پر موجود سیٹلائٹ کمیونیکیشن سسٹم، مختلف آلات کے گوداموں اور امریکی جنگی طیاروں کے ہینگرز کو حملوں کا ہدف بنایا گیا۔
فوٹو سوشل میڈیا ایکس
ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی میں ایک بار پھر اضافہ ہوگیا ہے۔ ایرانی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ کویت اور متحدہ عرب امارات میں موجود امریکی فوجی تنصیبات اور اہلکاروں کی رہائش گاہوں کو میزائلوں اور ڈرونز کے ذریعے نشانہ بنایا گیا۔
ایرانی حکام کے مطابق کویت کے احمد الجابر ایئر بیس پر موجود سیٹلائٹ کمیونیکیشن سسٹم، مختلف آلات کے گوداموں اور امریکی جنگی طیاروں کے ہینگرز کو حملوں کا ہدف بنایا گیا۔
ایرانی فوج کا مزید کہنا ہے کہ متحدہ عرب امارات میں المنہاد ایئر بیس پر امریکی اہلکاروں کی رہائش گاہ اور ریڈار نظام کو بھی نشانہ بنایا گیا۔
دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بدھ کے روز دعویٰ کیا تھا کہ امریکا نے آبنائے ہرمز کے قریب ایران کی جانب سے تیار کیے جانے والے نئے فوجی سازوسامان کو نشانہ بنایا ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ ضرورت پڑنے پر ایران کے خلاف مزید کارروائیاں کی جاسکتی ہیں۔
خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث آبنائے ہرمز سے عالمی تجارتی جہازوں کی آمدورفت کے حوالے سے خدشات میں اضافہ ہوگیا ہے۔ صورتحال کے باعث مشرق وسطیٰ سے عالمی منڈیوں کو تیل کی فراہمی بھی متاثر ہونے کے امکانات پر تشویش ظاہر کی جا رہی ہے۔
ایرانی حملوں سے متعلق یہ تفصیلات ایرانی فوج کے دعووں پر مبنی ہیں، جن کی تمام تفصیلات کی آزادانہ طور پر مکمل تصدیق ہونا باقی ہے۔