8 ستمبر پاکستان کی بحری تاریخ کا اہم دن ہے، جو 1965ء کی جنگ کے دوران پاک بحریہ کی بہادری، پیشہ ورانہ صلاحیت اور عزم کی یاد دلاتا ہے
فائل فوٹو
اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے یوم بحریہ پاکستان کے موقع پر پاک بحریہ کے افسران، جوانوں، اہلکاروں اور ان کے اہل خانہ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے شہداء، غازیوں اور سابق و موجودہ اہلکاروں کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
وزیراعظم نے اپنے پیغام میں کہا کہ 8 ستمبر پاکستان کی بحری تاریخ کا اہم دن ہے، جو 1965ء کی جنگ کے دوران پاک بحریہ کی بہادری، پیشہ ورانہ صلاحیت اور عزم کی یاد دلاتا ہے۔ ان کے مطابق اسی جنگ میں پاک بحریہ نے بھارتی بحری تنصیب دوارکا کے خلاف کارروائی کرکے اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔
شہباز شریف نے کہا کہ محدود وسائل کے باوجود پاک بحریہ نے دشمن کی اہم ساحلی تنصیبات کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا، جبکہ آبدوز غازی کی موجودگی نے بھی بھارتی بحری نقل و حرکت پر دباؤ برقرار رکھا۔
وزیراعظم کے مطابق 2025ء کے معرکۂ حق کے دوران بھی پاک بحریہ نے بھرپور تیاری اور پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کیا، جس کے باعث مخالف فریق سمندر میں کسی بڑی جارحانہ کارروائی سے گریز کرتا رہا۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ علاقائی اور تزویراتی صورتحال میں پاک بحریہ کی ذمہ داریاں مزید بڑھ گئی ہیں۔ ملکی تجارت اور بین الاقوامی بحری مواصلاتی راستوں کے تحفظ میں پاک بحریہ اہم کردار ادا کر رہی ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ آبنائے ہرمز میں بڑھتی ہوئی کشیدگی اور بحری سرگرمیوں کو درپیش مشکلات کے باوجود پاک بحریہ نے پاکستانی پرچم بردار تجارتی جہازوں، خصوصاً پٹرولیم مصنوعات لے جانے والے بحری جہازوں کی محفوظ اور بلا تعطل آمدورفت یقینی بنانے کے لیے مؤثر اقدامات کیے ہیں۔
شہباز شریف کے مطابق پاک بحریہ صرف ملکی دفاع تک محدود نہیں بلکہ عالمی سطح پر پاکستان کے پُرامن تشخص کو اجاگر کرنے میں بھی اپنا کردار ادا کر رہی ہے۔ ’امن‘ مشق اور ’امن ڈائیلاگ‘ جیسے اقدامات کے ذریعے مختلف ممالک کی بحری افواج کو تعاون اور امن کے مشترکہ مقصد کے لیے قریب لایا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بحری شعبے میں عملی و تکنیکی تعاون، تربیتی تبادلوں، صنعتی روابط اور بحری سفارت کاری کے باعث پاک بحریہ کو خطے اور عالمی بحری برادری میں قدر و احترام حاصل ہے۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ پاک بحریہ جدید ٹیکنالوجی سے لیس ایک مضبوط بحری قوت کے طور پر اپنی صلاحیتوں میں مسلسل اضافہ کر رہی ہے۔ جدید بحری جہازوں، ہانگور کلاس آبدوزوں، فضائی اثاثوں اور مقامی سطح پر تیار کیے جانے والے مختلف میزائل نظام کی شمولیت اس جدیدیت کے عمل کا حصہ ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ حکومت اور عوام کو پاک بحریہ کی پیشہ ورانہ صلاحیت، نظم و ضبط اور آپریشنل تیاری پر مکمل اعتماد ہے۔ انہیں یقین ہے کہ پاک بحریہ اپنی شاندار روایات کو برقرار رکھتے ہوئے ملک کے دفاع اور قومی مفادات کے تحفظ کے لیے اپنی ذمہ داریاں اسی عزم، وقار اور بہادری سے ادا کرتی رہے گی۔