ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

سندھ بلدیاتی ترمیمی ایکٹ: اسپیشل کمیٹی کی رپورٹ ایوان میں پیش، ایم کیو ایم کا شدید احتجاج

اپوزیشن اراکین اپنی نشستوں سے کھڑے ہو گئے اور اسپیکر ڈائس کے سامنے جمع ہو کر نعرے بازی،بل کی کاپیاں پھاڑ دیں

September 14, 2026 · اہم خبریں, قومی

فائل فوٹو

فائل فوٹو

کراچی: سندھ اسمبلی کے اجلاس میں اس وقت شدید ہنگامہ آرائی اور بدنظمی دیکھنے میں آئی جب سندھ بلدیاتی ترمیمی ایکٹ سے متعلق اسپیشل کمیٹی کی رپورٹ ایوان میں پیش کی گئی۔

رپورٹ پیش ہوتے ہی اپوزیشن جماعتوں، بالخصوص متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے اراکین نے شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے ایوان کو احتجاج کا مرکز بنا دیا۔

اجلاس کے دوران جیسے ہی کمیٹی رپورٹ ایوان کی میز پر رکھی گئی، اپوزیشن اراکین اپنی نشستوں سے کھڑے ہو گئے اور اسپیکر ڈائس کے سامنے جمع ہو کر نعرے بازی شروع کر دی۔ اپوزیشن ارکان نے “بل نامنظور، نامنظور” اور بلدیاتی نظام میں ترمیم کے خلاف شدید نعرے لگائے، جس کے باعث ایوان کا ماحول انتہائی کشیدہ ہو گیا۔

احتجاج کے دوران ایم کیو ایم کے اراکین نے اپنے شدید تحفظات اور غصے کا اظہار کرتے ہوئے ایوان کے اندر ہی بل کی کاپیاں پھاڑ دیں اور ان کے ٹکڑے ہوا میں اڑا دیے۔ پی ٹی آئی اور ایم کیو ایم کے ارکان کا موقف تھا کہ حکومتِ سندھ بلدیاتی ترمیم کے ذریعے مقامی حکومتوں کے اختیارات غصب کرنا چاہتی ہے اور یہ ایکٹ کسی صورت قابلِ قبول نہیں ہے۔

اپوزیشن اراکین کے مسلسل شور شرابے، نعرے بازی اور احتجاج کی وجہ سے ایوان کی کارروائی شدید متاثر ہوئی، جبکہ ایوان میں موجود سیکیورٹی اسٹاف اور حکومت کے نمائندے صورتحال کو قابو میں لانے کی کوشش کرتے رہے۔ اپوزیشن رہنماؤں نے واضح کیا کہ وہ بلدیاتی اداروں کو بااختیار بنانے کے لیے اپنا احتجاج ہر فورم پر جاری رکھیں گے۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں