ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

کراچی: سرجانی ٹاؤن میں ماں اور 3 بچوں کے لرزہ خیز قتل کی تحقیقات کیلیے 8 رکنی کمیٹی تشکیل

ایس ایس پی ویسٹ کی سربراہی میں کمیٹی قائم، سسر کی مدعیت میں مقدمہ درج، شوہر اور پڑوسی شامل تفتیش

September 16, 2026 · اہم خبریں

سرجانی ٹاؤن قتل کیس، پولیس اور تحقیقاتی ٹیم کارروائی میں مصروف

سرجانی ٹاؤن قتل کیس، پولیس اور تحقیقاتی ٹیم کارروائی میں مصروف

کراچی کے علاقے سرجانی ٹاؤن میں پیش آنے والے ماں اور 3 کمسن بچوں کے ہولناک قتل کے واقعے کی تحقیقات کے لیے 8 رکنی اعلیٰ سطح کی تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔ پولیس حکام کے مطابق اس لرزہ خیز واقعے میں مقتولین کے سر پر کسی وزنی اور سخت آلے کے وار کیے گئے تھے۔

جاری کردہ احکامات کے مطابق تحقیقاتی کمیٹی کی سربراہی ایس ایس پی ڈسٹرکٹ ویسٹ طارق الہی مستوئی کریں گے۔ اس 8 رکنی کمیٹی کے دیگر ممبران میں ایس پی انویسٹی گیشن ویسٹ دانیہ رانا، ایس ڈی پی او خواجہ اجمیر نگری ڈی ایس پی فرید خان، ایس ایچ او سرجانی انسپکٹر ناصر محمود، انسپکٹر رشید رند، انسپکٹر ریاض بھنگوار، انسپکٹر سلامت علی لاشاری، انچارج انویسٹی گیشن سی آئی سی لیاقت آباد اور انچارج ٹیکنیکل ٹیم ویسٹ زون و ڈسٹرکٹ ویسٹ شامل ہیں۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ یہ کمیٹی لرزہ خیز قتل کے تمام محرکات کا احاطہ کرے گی اور اپنی تفتیش اور پیش رفت سے ڈی آئی جی ویسٹ کو باقاعدہ آگاہ کرتی رہے گی۔ دریں اثنا، واقعے کا مقدمہ مقتولہ کے سسر محمد یامین کی مدعیت میں نامعلوم افراد کے خلاف درج کر لیا گیا ہے۔

ابتدائی پولیس رپورٹ اور بیانات کے مطابق، مقتولہ مہوش اور اس کے بچوں کی لاشیں گھر سے برآمد ہوئی تھیں جبکہ 18 ماہ کی زخمی بچی اشمیرہ کو اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئی۔ دیگر جاں بحق بچوں میں 6 سال کی حرا اور 5 سال کا حنین شامل ہیں۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مقتولہ کے شوہر دانش اور ایک پڑوسی سمیت 8 سے زائد افراد کو شامل تفتیش کیا گیا ہے جبکہ اطراف کی سی سی ٹی وی فوٹیجز بھی حاصل کی جا رہی ہیں۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں