دھماکے کے بعد مسلح حملہ آور پولیس کمپاؤنڈ میں داخل ہوگئے تھے۔ حملہ آوروں نے کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ اور اسپیشل برانچ کی عمارتوں کی جانب پیش قدمی کی
خیبر پختونخوا کے شہر کوہاٹ میں پولیس لائنز کی مسجد میں دھماکے کے بعد پولیس اور سکیورٹی فورسز کی جانب سے شروع کیا گیا کلیئرنس آپریشن مکمل کرلیا گیا ہے۔ حکام کے مطابق کارروائی کے دوران سات حملہ آور ہلاک کیے گئے۔
پولیس کے مطابق جمعے کے روز پولیس لائنز کی مسجد کے قریب دھماکے کے بعد مسلح حملہ آور پولیس کمپاؤنڈ میں داخل ہوگئے تھے۔ حملہ آوروں نے کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ اور اسپیشل برانچ کی عمارتوں کی جانب پیش قدمی کی، جس کے بعد پولیس، ایلیٹ فورس، سی ٹی ڈی اور سکیورٹی فورسز نے مشترکہ کارروائی شروع کی۔
پولیس کے مطابق رات بھر جاری رہنے والے آپریشن کے بعد کمپاؤنڈ کی عمارتوں کو کلیئر کرلیا گیا اور تمام حملہ آوروں کو ہلاک کردیا گیا
کارروائی کے دوران سی ٹی ڈی کے ایڈیشنل آئی جی پر دستی بم سے حملہ بھی کیا گیا، جس کے نتیجے میں وہ زخمی ہوئے۔ ابتدائی طبی امداد کے بعد انہوں نے دوبارہ آپریشن کی نگرانی شروع کردی۔
آپریشن میں ریجنل پولیس افسر کوہاٹ، ڈسٹرکٹ پولیس افسر کوہاٹ اور دیگر اعلیٰ پولیس افسران کے ساتھ جی او سی کوہاٹ بھی موقع پر موجود رہے۔ آئی جی خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید نے بھی جائے وقوعہ کا دورہ کیا اور کارروائی میں حصہ لینے والے اہلکاروں کی حوصلہ افزائی کی
آئی جی خیبر پختونخوا نے پولیس، سی ٹی ڈی اور سکیورٹی فورسز کی کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا کہ اہلکاروں نے بہادری کے ساتھ مقابلہ کیا اور حملہ آوروں کے عزائم ناکام بنا دیے گئے۔ انہوں نے آپریشن میں حصہ لینے والے افسران اور اہلکاروں کے لیے انعامات کا اعلان بھی کیا۔
دوسری جانب تازہ اطلاعات کے مطابق کوہاٹ پولیس لائنز کی مسجد میں ہونے والے حملے میں کم از کم 21 افراد جاں بحق ہوئے، جن میں 15 پولیس اہلکار شامل ہیں، جبکہ سو سے زائد افراد زخمی ہوئے۔