ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

آبنائے ہرمز میں تجارتی جہاز پر حملہ، بھارتی ملاح ہلاک

عالمی پانیوں میں کارروائی، عملے کے ارکان محفوظ، تحقیقات جاری

September 24, 2026 · اہم خبریں

آبنائے ہرمز کے قریب حملے کا نشانہ بننے والے تجارتی جہاز کی منظر کشی

آبنائے ہرمز کے قریب حملے کا نشانہ بننے والے تجارتی جہاز کی منظر کشی

آبنائے ہرمز کے قریب عمان کے ساحل پر ایک تجارتی جہاز کو نشانہ بنائے جانے کے واقعے کی تفصیلات سامنے آ گئی ہیں جن کے مطابق حملے میں ہلاک ہونے والا ایک شخص بھارتی شہری تھا۔ عالمی خبر رساں اداروں کے مطابق اینٹیگوا و باربوڈا کے پرچم بردار کارگو جہاز ایم وی کیپ ڈاؤ کو مسندم گورنری کے ساحل سے تقریباً ڈھائی بحری میل دور نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں جہاز کے انجن روم میں آگ بھڑک اٹھی۔ عمان کے میری ٹائم سیکیورٹی سینٹر نے فوری کارروائی کرتے ہوئے عملے کے 27 ارکان کو جہاز سے بحفاظت نکال لیا، تاہم ایک شخص جانبر نہ ہو سکا۔

بھارتی سفارت خانے نے اس امر کی تصدیق کی ہے کہ ہلاک ہونے والا شخص بھارتی شہری تھا جبکہ جہاز کے دیگر عملے میں شامل 19 بھارتی شہری محفوظ رہے ہیں۔ بھارتی فارورڈ سی مینز یونین آف انڈیا کے جاری کردہ بیان کے مطابق ہلاک ہونے والے ملاح کی شناخت اتر پردیش کے ضلع دیوریا سے تعلق رکھنے والے سورج یادو کے طور پر کی گئی ہے جو جہاز پر وائپر کے فرائض انجام دے رہے تھے۔

دستاویز اور دستیاب اطلاعات کے مطابق تجارتی جہاز کو دو ٹارپیڈو لگے تھے جن میں سے ایک رہائشی حصے اور دوسرا انجن روم کے قریب لگا، تاہم اس حملے کے ذمہ دار فریق کی سرکاری طور پر شناخت نہیں کی جا سکی ہے۔ دوسری جانب برطانوی میری ٹائم ٹریڈ آپریشنز اتھارٹی نے بھی اسی روز آبنائے ہرمز میں ایک کارگو جہاز کو نامعلوم پروجیکٹائل سے نشانہ بنائے جانے، آگ لگنے اور عملے کے انخلا کی تصدیق کی ہے۔ برطانوی بحریہ کے میری ٹائم سیفٹی واچ ڈاگ کا کہنا ہے کہ واقعے کے بعد جہاز میں آگ لگ گئی اور وہ آبنائے ہرمز میں پھنس گیا ہے جبکہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں اور اب تک کسی ماحولیاتی نقصان کی اطلاع سامنے نہیں آئی ہے۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں