متعدد گرفتاریاں اور املاک کو نقصان، فائرنگ سے ڈرائیور شہید۔
مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی فورسز کی کارروائی اور توڑ پھوڑ کا منظر
اسرائیلی فورسز نے مقبوضہ مغربی کنارے کے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے کم از کم 2 فلسطینیوں کو حراست میں لے لیا ہے۔ فلسطین کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کی رپورٹس کے مطابق قابض فوج کی جانب سے کی جانے والی ان کارروائیوں کے دوران متعدد مقامات پر فلسطینیوں کی املاک اور گاڑیوں کو بھی شدید نقصان پہنچایا گیا۔
رپورٹس کے مطابق مقبوضہ بیت المقدس کے شمال مغرب میں واقع گاؤں بیت دوقو پر چھاپے کے دوران 10 فوجی جیپیں استعمال کی گئیں۔ اس کارروائی کے دوران فوجیوں نے کئی گھروں کی تلاشی لی اور متعدد رہائشیوں کو حراست میں لیا۔ اس کے علاوہ رام اللہ کے شمال مغرب میں واقع علاقے نبی صالح میں ایک گھر کی تلاشی کے دوران 19 سالہ فلسطینی نوجوان کو گرفتار کیا گیا۔ اسرائیلی فورسز نے شمالی مغربی کنارے کے شہر طوباس اور قریبی قصبے عقبہ میں بھی چھاپے مار کر گھروں کو نشانہ بنایا اور مختلف محلوں میں اپنی انفنٹری یونٹس تعینات کر دیں۔
دریں اثنا، اسرائیلی میڈیا کے مطابق مقبوضہ مغربی کنارے میں پیش آنے والے ایک کار حادثے کے نتیجے میں امریکا میں تعینات اسرائیلی سفیر کا فوجی بیٹا شدید زخمی ہو گیا۔ حادثے کے بعد موقع پر موجود اسرائیلی اہلکاروں نے مبینہ طور پر فائرنگ کر کے گاڑی کے ڈرائیور کو شہید کر دیا۔