ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

کراچی میں آئی ٹی سی این ایشیا کا اختتام، 550 ملین ڈالر کے معاہدے طے

شاندار کامیابی، 75 سے زائد معاہدے طے پائے، ڈیجیٹل معیشت کو فروغ ملے گا۔

September 26, 2026 · اہم خبریں

کراچی ایکسپو سینٹر میں منعقدہ آئی ٹی سی این ایشیا نمائش کا ایک منظر۔

کراچی ایکسپو سینٹر میں منعقدہ آئی ٹی سی این ایشیا نمائش کا ایک منظر۔

کراچی ایکسپو سینٹر میں 3 روزہ 28 ویں آئی ٹی سی این ایشیا 2026 ٹیکنالوجی نمائش اور کانفرنس شاندار انداز میں اختتام پذیر ہو گئی ہے، جس کے دوران 550 ملین امریکی ڈالر سے زائد کے کاروباری معاہدے طے پائے ہیں۔

دستاویزات اور جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق، اس تین روزہ ایونٹ میں 75 سے زائد مفاہمتی یادداشتوں، معاہدوں اور کاروباری وعدوں کے تحت 550 ملین امریکی ڈالر سے زیادہ کی معاشی سرگرمیاں سامنے آئیں، جو پاکستان کے ٹیکنالوجی ایکو سسٹم میں بڑھتی ہوئی رفتار اور سرمایہ کاروں کے اعتماد کی بھرپور عکاسی کرتی ہیں۔ تقریب کے دوران طے پانے والے ان کاروباری معاہدوں پر آئندہ برسوں میں عمل درآمد متوقع ہے، جس سے پاکستان کی انفارمیشن ٹیکنالوجی، ڈیجیٹل خدمات اور وسیع تر ٹیکنالوجی انڈسٹری کی ترقی کو مزید مہمیز ملے گی۔

نمائش کے آخری روز کاروباری شخصیات، سرمایہ کاروں، پیشہ ور افراد اور فیصلہ سازوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس دوران مختلف کمپنیوں نے جدید مصنوعات کے مظاہرے کیے جب کہ نیٹ ورکنگ سیشنز اور تجارتی شراکت داریوں پر تفصیلی گفتگو کا سلسلہ بھی جاری رہا۔

اس موقع پر تقریب کے منتظمین اور حکام نے بتایا کہ اس ایونٹ میں ہونے والی کاروباری سرگرمیوں کا حجم پاکستان کی تیزی سے ترقی کرتی ڈیجیٹل معیشت میں بین الاقوامی سرمایہ کاری اور سرحد پار تعاون کے بڑھتے ہوئے امکانات کو ظاہر کرتا ہے۔ آنے والے برسوں میں یہ اقدامات نئی سرمایہ کاری، ٹیکنالوجی شراکت داریوں اور مضبوط بین الاقوامی روابط کی صورت اختیار کریں گے۔

واضح رہے کہ کراچی ایڈیشن کے کامیاب انعقاد کے بعد اب 29 ویں آئی ٹی سی این ایشیا کی تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں، جو 29 سے 31 جنوری 2027 تک ایکسپو سینٹر لاہور میں منعقد ہوگی۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں