سیکیورٹی کے انتظامات دھرے کے دھرے رہ گئے، قومی ستاروں کو گھیر لیا، انتظامیہ خاموش تماشائی بنی رہی۔
بابر اعظم کی اسلام آباد کے ڈائمنڈ گراؤنڈ میں میچ کے دوران سیکیورٹی انتظامات پر سوالیہ نشان۔
اسلام آباد کے ڈائمنڈ گراؤنڈ میں جاری پریزیڈنٹ ٹرافی گریڈ ون ٹورنامنٹ کے دوران سیکیورٹی کے ناقص انتظامات کا پول کھل گیا، جہاں قومی ٹیم کے اسٹار بیٹر بابر اعظم کے آؤٹ ہونے پر تماشائیوں کی بڑی تعداد گراؤنڈ میں داخل ہوگئی اور کھلاڑی کو گھیر لیا۔
میڈیا رپورٹس اور دستیاب تفصیلات کے مطابق یہ واقعہ او جی ڈی سی ایل اور اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے مابین کھیلے جانے والے میچ کے دوران پیش آیا۔ او جی ڈی سی ایل کی نمائندگی کرنے والے بابر اعظم میچ کے دوران 21 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، انہوں نے 39 گیندوں کا سامنا کیا اور آفاق احمد آفریدی کی گیند پر آؤٹ ہو کر پویلین لوٹ رہے تھے کہ ناگہاں تماشائیوں کا ہجوم گراؤنڈ میں گھس آیا۔ گراؤنڈ میں داخل ہونے والے افراد بابر اعظم کے ساتھ سیلفیاں بناتے رہے، جبکہ قومی اسٹار نے انتہائی مشکل سے اس ہجوم سے نکل کر پویلین کا رخ کیا۔ اس سیکیورٹی خامی نے گراؤنڈ انتظامیہ کے حفاظتی اقدامات پر شدید سوالیہ نشان کھڑے کر دیے ہیں۔
دوسری جانب بابر اعظم کی ڈومیسٹک کرکٹ میں طویل عرصے بعد واپسی کے باوجود فارم بحال نہ ہو سکی۔ ایبٹ آباد میں فرسٹ کلاس کرکٹ میں واپسی پر وہ پہلی اننگز میں 12 اور دوسری اننگز میں صرف 4 رنز بنا پائے تھے، جبکہ موجودہ میچ میں بھی وہ 21 رنز کی ہی اننگز کھیل سکے۔ میچ کے دوران 12 رنز کے انفرادی اسکور پر ان کا کیچ بھی ڈراپ ہوا تھا لیکن وہ اس موقع سے فائدہ اٹھانے میں ناکام رہے۔ پریزیڈنٹ ٹرافی گریڈ ون میں بابر اعظم اب تک تین اننگز میں مجموعی طور پر صرف 37 رنز بنا سکے ہیں۔