ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

مذاکرات سیاسی دلدل سے نکلنے کا واحد راستہ، طارق فضل چوہدری

تحریک انصاف کو طرزِ عمل بدلنا ہوگا، حکومت کو اختیارات کی تفویض کا حق حاصل ہے، وفاقی وزیر

September 30, 2026 · اہم خبریں

 

وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے تحریک انصاف کے رہنما علی محمد خان کی سوشل میڈیا پوسٹ پر ردِعمل دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ حکومت نے ہمیشہ مذاکرات کی دعوت دی اور بات چیت کی حمایت کی ہے، اور مستقبل میں بھی اس پالیسی پر قائم رہیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تحریک انصاف کو مذاکرات کے معاملے پر اپنے مجموعی طرزِ عمل پر بھی سنجیدگی سے غور کرنا ہوگا۔

پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر طارق فضل کا کہنا تھا کہ ملک میں ایمرجنسی کا نفاذ صدرِ مملکت کرتے ہیں اور پارلیمنٹ اس کی منظوری دیتی ہے، جبکہ حکومت کو یہ آئینی اختیار حاصل ہے کہ وہ چیف ایگزیکٹو کے اختیارات کسی بھی فرد کو تفویض کرے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ آئینی طریقے سے نافذ ہونے والی ایمرجنسی کے بعد چیف ایگزیکٹو کے اختیارات گورنر کو بھی دیے جا سکتے ہیں، اور اگر ایسے اقدامات کے کوئی سیاسی اثرات مرتب ہوتے ہیں تو انہیں برداشت کرنا پڑے گا۔

پی ٹی آئی کی سیاسی حکمت عملی پر تنقید کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ تحریک انصاف کی بار بار کالز کے باوجود کسی بھی صوبے میں کارکنوں کی خاطر خواہ تعداد جمع نہیں ہو سکی۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ دعوے تو 20 لاکھ افراد کو سڑکوں پر لانے کے کیے جاتے ہیں لیکن 20 ہزار بندے بھی اکٹھے نہیں ہو پائے، اور 27 ستمبر کے لانگ مارچ کی ناکامی کے بعد اب پارٹی نے 4 اکتوبر کی تاریخ دی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا کی حکومت امن و امان کی صورتحال پر قابو پانے میں ناکام رہی ہے جس پر عوام شدید نالاں ہیں،  صوبے میں بڑھتی ہوئی دہشت گردی کو روکنا اس وقت سب سے زیادہ ضروری ہے۔ انہوں نے پیشگوئی کی کہ اندرونی دھڑے بندیوں اور اختلافات کی وجہ سے پی ٹی آئی کا 4 اکتوبر کا احتجاج بھی ناکام ثابت ہوگا۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں