دونوں ممالک کے درمیان تجارت، اقتصادی سرگرمیوں اور دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے کے وسیع مواقع موجود ہیں۔
پاک عمان مشترکہ وزارتی اجلاسوں میں طویل وقفہ نہیں ہونا چاہیے، اسحاق ڈار
اسلام آباد: نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان اور عمان کے درمیان مشترکہ وزارتی کمیشن کے اجلاس باقاعدگی سے ہونے چاہئیں اور ان میں طویل وقفہ نہیں آنا چاہیے۔ دونوں ممالک کے درمیان تجارت، اقتصادی سرگرمیوں اور دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے کے وسیع مواقع موجود ہیں۔
پاک عمان مشترکہ وزارتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے علاقائی امن کے لیے عمان کی قیادت کی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور خلیج تعاون کونسل کے ممالک کے درمیان تعلقات خصوصی اہمیت رکھتے ہیں۔
نائب وزیراعظم کے مطابق اجلاس میں امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی، آبنائے ہرمز، باب المندب، فلسطین اور غزہ کی صورتحال سمیت اہم علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر عمان کے وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان اور عمان کے درمیان عالمی معاملات پر رابطوں اور تعاون کا سلسلہ جاری رہنا چاہیے۔ انہوں نے دونوں ممالک کے قریبی برادرانہ تعلقات کو اہم قرار دیتے ہوئے خطے میں امن کے قیام کے لیے پاکستان کی کوششوں کو سراہا۔
اجلاس میں دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط بنانے، تجارت بڑھانے اور مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ کی اہمیت پر زور دیا گیا۔