ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

کوہاٹ پولیس لائنز حملے کا ماسٹر مائنڈ دہشت گرد زاہد گل ہلاک

ہلاک دہشت گرد نے کوہاٹ پولیس لائنز حملے میں خودکش بارود بردار گاڑی کی خود رہنمائی کی تھی، ترجمان سی ٹی ڈی

October 16, 2026 · اہم خبریں, قومی

فائل فوٹو

فائل فوٹو

سی ٹی ڈی خیبرپختونخوا کے مطابق آپریشن کے دوران خوارجی گل بہادر گروپ کا اہم دہشت گرد کمانڈر زاہد گل مارا گیا، ہلاک دہشت گرد کوہاٹ پولیس لائنز پر خودکش حملے کا مرکزی ماسٹر مائنڈ تھا۔

ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق ہلاک دہشت گرد نے کوہاٹ پولیس لائنز حملے میں خودکش بارود بردار گاڑی کی خود رہنمائی کی تھی، وہ دہشت گردی کے متعدد دیگر سنگین واقعات میں بھی سیکیورٹی فورسز کو انتہائی مطلوب تھا۔

سی ٹی ڈی کے مطابق زاہد گل بلی تنگ بینک ڈکیتی میں بھی موقع پر موجود تھا، اس واردات میں 60 لاکھ روپے لوٹے گئے تھے، ڈکیتی میں لوٹی گئی رقم بکاخیل اور جانی خیل میں بنوں کی دہشت گرد تشکیلوں میں تقسیم کی گئی تھی۔

ترجمان نے بتایا کہ ہلاک دہشت گرد خوارجی گل بہادر گروپ سے قریبی رابطے میں تھا اور کوہاٹ میں متعدد خودکش حملہ آوروں کی ترسیل میں ملوث رہا۔

سی ٹی ڈی خیبرپختونخوا کے مطابق دو ماہ قبل دہشت گرد نئی کوہاٹ پولیس لائنز پر حملے کے لیے بھی خودکش حملہ آور لایا تھا، تاہم یہ کوشش ناکام بنا دی گئی تھی۔

ترجمان کے مطابق ہلاک دہشت گرد کے اگلے اہداف کوہاٹ میں پی اے ایف سیٹ اپ اور پولیس ٹریننگ اسکول تھے جبکہ دہشت گرد تشکیل کے دیگر کارندے پہلے ہی سیکیورٹی اداروں کی حراست میں ہیں۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں