سیف اللہ میر کی کابینہ میں شمولیت پر کپواڑہ میں جشن کا ماحول

سری نگر/ نیشنل کانفرنس کے سینئر رہنما میر سیف اللہ کی جموں و کشمیر کابینہ میں شمولیت پر منگل کے روز کپواڑہ میں جشن کا ماحول دیکھنے کو ملا، جہاں حامیوں نے پٹاخے پھوڑ کر اور ڈھول بجا کر خوشی کا اظہار کیا۔ اس موقع پر مقامی لوگوں نے کہا کہ وزیرِ اعلیٰ عمر عبداللہ نے ضلع کو بہتر نمائندگی دینے کا اپنا وعدہ پورا کیا ہے۔
حلقہ انتخاب ترہگام کے رہائشیوں نے کہا، ’’ہم اپنا وعدہ پورا کرنے پر عمر عبداللہ کے شکر گزار ہیں۔ ہمیں اپنے رہنما اور وزیر میر سیف اللہ پر فخر ہے۔‘‘
مقامی لوگوں نے کہا کہ نیشنل کانفرنس واحد جماعت ہے جس کے رکن اسمبلی نے عوام کے مفادات پر سمجھوتہ نہیں کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ جب جموں و کشمیر اور یہاں کے نوجوانوں کے حقوق کی بات آتی ہے تو دوسری جماعتیں سمجھوتہ کر لیتی ہیں۔
واضح رہے کہ میر سیف اللہ چار مرتبہ رکن اسمبلی منتخب ہو چکے ہیں۔ انہوں نے 2024 کے اسمبلی انتخابات میں 18,002 ووٹ حاصل کرکے کامیابی درج کی تھی۔
منگل کے روز کابینہ کے وزیر کی حیثیت سے حلف اٹھانے کے بعد میر سیف اللہ نے عزم ظاہر کیا کہ وہ جموں و کشمیر کے تمام اضلاع کے عوام کی خدمت کے لیے کام کریں گے۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں