سرینگر/کانگریس کے رکن اسمبلی عرفان حفیظ لون نے منگل کو کہا کہ حکومت کی اولین ترجیح عوام سے کیے گئے وعدوں کو پورا کرنا ہونا چاہیے، نہ کہ اس بات پر توجہ مرکوز کرنا کہ کس کو وزارت میں شامل کیا گیا اور کون اس سے محروم رہ گیا۔
وزراء کی حلف برداری کے بعد گفتگو کرتے ہوئے عرفان لون نے کہا کہ یہ فطری بات ہے کہ اراکین اسمبلی بھی وزارت میں شامل ہوکر عوام کی خدمت کرنے کی خواہش رکھتے ہیں، تاہم ہر کسی کو کابینہ میں جگہ دینا ممکن نہیں ہے۔
انہوں نے کہا، ’’یہ ظاہر ہے کہ اراکین اسمبلی بھی اس حیثیت میں عوام کی خدمت کرنا چاہتے ہیں، لیکن ہر کوئی وزیر نہیں بن سکتا۔ کابینہ میں کون شامل ہوا اور کون ناراض ہے، یہ اہم نہیں؛ اصل اہمیت اس بات کی ہے کہ عوام سے کیے گئے وعدے پورے کیے جائیں۔‘‘
عرفان لون نے امید ظاہر کی کہ حکومت اپنے وعدوں کو عملی جامہ پہنائے گی اور عوام کو درپیش حقیقی مسائل کا ازالہ کرے گی۔ ان میں ڈیلی ویجر ملازمین کے مسائل، روزگار، راشن اور مفت بجلی جیسے اہم معاملات شامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عوام نے حکومت سے بہت زیادہ توقعات وابستہ کر رکھی ہیں اور انہیں امید ہے کہ ان کے مسائل کو سنجیدگی سے حل کیا جائے گا۔
کانگریس رکن اسمبلی نے مزید کہا کہ ووٹ چوری، امتحانی پرچوں کے افشا ہونے، آزادیٔ اظہار پر قدغن اور ریاستی درجے کی بحالی جیسے معاملات اجتماعی چیلنجز ہیں، جن کے خلاف متحد ہوکر جدوجہد کرنے کی ضرورت ہے۔
وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں |
Load/Hide Comments