سرینگر/نیشنل کانفرنس کی قیادت والی حکومت میں کابینہ ردوبدل کے فوراً بعد پارٹی کے رکنِ اسمبلی عبدالمجید لارمی نے وزیر نہ بنائے جانے پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ پیر کی شام تک ممکنہ وزراء کی فہرست میں شامل تھے۔انہوں نے کہا، ’’میرا دل ٹوٹ گیا ہے، میں وزارت کے مستحق تھا۔میں دو بار کہتا ہوں کہ میں اس کا مستحق تھا۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ اگرچہ وہ پارٹی قیادت کے فیصلے کا احترام کرتے ہیں، تاہم کابینہ میں شامل نہ کیے جانے سے انہیں دکھ پہنچا ہے۔
لارمی نے کہا، ’’ہم بھی انسان ہیں، ہمارا بھی دل ہے۔ ہمارا دل اُداس ہے، اس میں کوئی شک نہیں۔ میں آپ سے اس طرح بات کر رہا ہوں، لیکن اندر سے میرا دل جل رہا ہے۔‘‘جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا انہیں وزارت ملنے کی توقع تھی، تو لارمی نے کہا کہ وہ پیر کی شام تک وزراء کی فہرست میں شامل تھے۔
کابینہ میں جگہ نہ ملنے پر مایوسی کے باوجود انہوں نے نیشنل کانفرنس کے ساتھ اپنی وفاداری برقرار رکھنے کے عزم کا اظہار کیا اور خود کو پارٹی کا سپاہی قرار دیا۔انہوں نے کہا، ’’میں پارٹی کا سپاہی ہوں۔ پارٹی کے لیے میں کہیں بھی جا سکتا ہوں۔‘‘واضح رہے کہ منگل کو عمر عبداللہ کی قیادت والی حکومت میں کابینہ کی توسیع کے دوران چار اراکینِ اسمبلی کو وزیر بنایا گیا، تاہم عبدالمجید لارمی کو کابینہ میں شامل نہیں کیا گیا۔
وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں |
Load/Hide Comments