
کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سعید غنی نے کہا کہ شہری کچرا پھیکنے والوں کی ویڈیو بنا کر دو واٹس ایپ نمبروں پر اسے بھیج سکتے ہیں، شہری 0074296-0300 اور 0084296-0300 پر ویڈیو بھیج سکتے ہیں۔
سندھ حکومت کے وزیر نے مزید کہا کہ انہوں نے خود لوگوں کو سڑکوں پر کچرا پھینکتے ہوئے دیکھا ہے اور اس شہر کے باسی ہونے کا دعویٰ کرنے والے ہی کراچی شہر کو آلودہ کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ سندھ حکومت کی صفائی مہم کو ناکام بنانے کی سازش ہے، انہوں نے شہریوں سے وعدہ کیا کہ اس طرح کے واقعات منظر عام پر لانے والوں کی شناخت خفیہ رکھی جائے گی۔
سعید غنی نے کہا کہ سندھ حکومت کو اضافی خرچ کرنا پڑ رہا ہے کیونکہ کچھ عناصر سیوریج لائن کو بند کر کے جگہ جگہ سے پانی کی لائنیں توڑ رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ کچرے کے ساتھ ساتھ ملبہ بھی سڑکوں پر پھینکا جا رہا ہے جو ایک جرم ہے۔
یاد رہے کہ اتوار کو وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بھی اسی طرح کا بیان دیتے ہوئے کہا تھا کہ کراچی کے چند نام نہاد دوستوں نے ملیر 15 کے علاقوں میں بڑے بڑے پتھر ڈال کر سیوریج لائن کو بند کردیا تھا جس سے شہر کی سڑکوں پر گٹر ابلنے لگے۔
کراچی میں جگہ جگہ گندگی کے ڈھیر اور گٹر ابلنے کے سبب سندھ حکومت کو شدید تنقید کا سامنا تھا جس کے بعد سندھ حکومت نے شہر بھر میں صفائی مہم کا آغاز کیا تھا۔