
آئینی وقانونی ادارے کیلئے پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن نے نیا مسودہ تیار کرنے کیلئے کمیٹی بنادی
کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن نے پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل کے آئینی قانونی قومی ادارے کو بچانے کیلئے نیا قانونی مسودہ تیار کرنے کے لئے دس رکنی کمیٹی قائم کردی ،مختلف ارکان اسمبلی نے قانونی مسودہ کو دونوں ایوانوں سے منظور کرانے کی یقین دھانی کرادی ،نئے قانون کے منظوری کے بعدمعلق پی ایم ڈی سی بحال ہوسکے گی۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت کی عدم توجہی اور ناتجربہ کاری کی بناپر پاکستان میڈیکل اینڈڈینٹل کونسل کے لئے حکومت کی جانب سے پیش کیاجانے والا بل نہ صرف دونوں ایوانوں سے منظور نہ ہونے کے باعث مذکورہ قانونی ادارہ ایک بار پھر معلق ہوگیا ہے بلکہ وفاقی وزارت محنت کی جانب سے پی ایم ڈی سی کو چلانے کے لئے مشاورتی کمیٹی کو عدالت میںچیلنج کئے جانے کے خوف سے وفاقی حکومت نے گزشتہ دنوں از خود مشاورتی کمیٹی تحلیل کرتے ہوئے پی ایم ڈی سی کے یومیہ امور کو نمٹانے کیلئے کونسل کے رجسٹرار کو کام کرنے کی ہدایت دے دی ہے۔ علاوہ ازیں گزشتہ دنوں پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کی سینٹرل کمیٹی کے اجلاس منعقدہ لاہور میں شرکاء نے اتفاق رائے سے پی ایم ڈی سی کے آئینی ادارے کے بچانے کا ایک بار پھر فیصلہ کرلیا ہے ،اور اس مقصد کے لئے نیا قانونی مسودہ تیار کرنے کے لئے ایک دس رکنی کمیٹی تشکیل دے دی ہے جس کے اراکین مرکزی سیکریٹری جنرل ڈاکٹر ایس ایم قیصر سجاد، ڈاکٹر شیر شاہ سید، ڈاکٹرمرزا علی اظہر،ڈاکٹر سلمی کنڈی ، ڈاکٹر شاہد ملک، ڈاکٹر سرور صدیقی شامل ہیں۔ یہاں یہ امر دلچسپی سے خالی نہیں ہے کہ جب بھی پی ایم ڈی سی کا قانونی قومی ادارہ بحران سے دوچارہوا ہے پی ایم اے نے ہمیشہ اس ادارے کو بچانے اور برقرا ررکھنے کے لئے کلیدی کردار ادا کیا ہے ، ذرائع کے مطابق دونوں ایوانوں کے مختلف ارکان پارلیمنٹ نے پی ایم اے کو نیا قانونی مسودہ پارلیمنٹ سے منظور کرانے کا عندیہ بھی دیدیا ہے۔