ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

بین الافغان مذاکرات کا اگلا دور انتیس اور تیس اکتوبر کو چین میں ہوگا، طالبان

طالبان نے کہا ہے کہ بین الافغان امن بات چیت کا نیا دور آئندہ ہفتے چین میں ہو گا۔

ماہرین کے مطابق، حالانکہ 18 برس سے جاری افغان لڑائی میں تیزی آ چکی ہے، تاہم اس اعلان کے نتیجے میں مذاکرات کے حوالے سے نئی توقعات پیدا ہوئی ہیں۔

قطر میں طالبان کے سیاسی دفتر کے ترجمان، سہیل شاہین نے منگل کے روز بتایا ہے کہ یہ مذاکرات 28 اور 29 اکتوبر کو ہونے والے ہیں۔

ادھر، امریکی محکمہ خارجہ کی اطلاع کے مطابق، ایک ہی روز قبل امریکی ایلچی برائے افغان مفاہمت، زلمے خلیل زاد نے یورپی، نیٹو اور اقوام متحدہ کے اتحادی ملکوں سے بات چیت کے ایک نئے دور کا آغاز کیا ہے، جس کا مقصد لڑائی کے خاتمے کی کوششوں کو آگے بڑھانا ہے۔

خبر رساں ادارے ’ایسو سی ایٹڈ پریس‘ کے مطابق زلمے خلیل زاد روسی اور چینی نمائندوں سے بھی ملاقات کریں گے، جس میں ’افغانستان میں لڑائی ختم کرنے کےلئے مشترکہ مفادات پر بات کی جائے گی‘‘۔

امریکہ اور طالبان کے مابین امن بات چیت کا پچھلا دور ستمبر میں کسی نتیجے پر پہنچے بغیر ختم ہو گیا تھا۔

بین الافغان امن بات چیت کے سلسلے میں افغان حکام کا کہنا ہے کہ اس سے متعلق گفتگو ابھی ابتدائی مرحلے پر ہے۔

اس حوالے سے کابل میں افغان قومی سلامتی کونسل کے ترجمان کبیر حقمل نے وائس آف امریکہ کی افغان سروس کو بتایا ہے کہ بین الافغان مکالمے کے انعقاد کی بات جب حکومتِ افغانستان سے کی گئی تو حکام کا کہنا تھا کہ معاملہ ابھی زیر غور ہے۔

سابق مجاہدین کمانڈر، محمد اسماعیل خان، جنھیں چین میں ہونے والی بین الافغان بات چیت کے لیے مدعو کیا گیا ہے، کا کہنا ہے کہ بشمول اُن کے، ان دو روزہ مذاکرات میں تقریباً 25 افغان سیاست دان شریک ہوں گے۔

انھوں نے وائس آف امریکہ کو مزید بتایا کہ یہ کانفرنس 29 اور 30 اکتوبر کو ہو گی۔

افغانستان کی وزارت برائے امن نے خلیل زاد کی ان نئی کوششوں کا خیر مقدم کیا ہے۔ وزارت کی ترجمان، نجیہ انوری نے وائس آف امریکہ کو بتایا کہ افغان حکومت بات چیت کے اس نئے دور کا خیر مقدم کرتی ہے۔ تاہم امن عمل افغان قیادت اور افغان سرپرستی میں ہی منعقد ہونا چاہیے۔ اگر ایسا نہیں ہوتا تو، ان کے بقول، یہ عمل کسی نتیجے پر نہیں پہنچ پائے گا‘۔

امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق زلمے خلیل زاد نے برسلز، پیرس اور ماسکو میں ملاقاتوں کا آغاز کر دیا ہے۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں