
بپھریں لہریں حفاظتی دیوار سے ٹکرانے اور سمندر کی طغیانی کے مناظر کیمرے کی آنکھ میں محفوظ کرنے لگے
بحیرہ عرب میں بننے والا سپر سائیکلون ’’کیار‘‘ کراچی والوں کیلئے دلچسپی کا باعث بن گیا، شہری سیلفیاں بناتے رہے
کراچی (اسٹاف رپورٹر) بحیرہ عرب میں بننے والا طوفان کیار کے باعث ساحل سمندر کراچی کے شہریوں کے لیے دلچسپی کا مرکز بنا ہوا ہے، ایک طرف جہاں طوفان سے شہری خوف میں مبتلا ہیں وہاں شہر قائد میں شہری طوفان کیار کے سمندر پر پڑتے اثرات سے لطف اٹھانے سمندر کا رخ کر لیا، سمندر میں طغیانی اور تیز ہوائوں کے باعث بلند لہریں ساحل تک آپہنچیں۔ تفصیلات کے مطابق چار روز قبل بحیرہ عرب میں بننے والا طوفان کیار شمال مغرب کی جانب سست رفتاری سے آگے بڑھ رہا ہے۔ طوفان کے باعث سمندری سطح انتہائی بلند ہے جبکہ سمندر میں طغیانی اور تیز ہوائیں بلند لہروں کا سبب بن رہی ہیں، طوفانی اثرات کراچی میں سمندر کنارے دو دریا پر بھی دکھائی دیے سمندر کی بپھری لہریں حفاظتی دیوار سے ٹکرانے لگیں اور پانی ساحل تک جاپہنچا۔ یہ مناظر دیکھنے کے لیے کراچی کے عوام بڑی تعداد میں ساحل سمندر پہنچ گئے اور مناظر کیمرے کی آنکھ میں قید کیے جبکہ سیلفیاں بھی بناتے رہے اور خوشگوار موسم کا لطف اٹھاتے رہے، محکمہ موسمیات کے مطابق آج سے طوفان کی شدت میں قدرے کمی آجائے گی۔