
واٹر اینڈ سیوریج کی نجکاری کی گئی تو شدید ردعمل سامنے آئے گا، شہر میں سیوریج اور پانی کا نظام تباہ ہوچکا ہے، وسیم اختر
طاقتور بلدیاتی نظام ہمارا مطالبہ ہے، گلشن اقبال 13-D میں زیر تعمیر سڑک کے معائنے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو
کراچی(وقائع نگار خصوصی)میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کی نجکاری کئے جانے کے حوالے سے کوئی فیصلہ سامنے نہیں آیا اگر ایسا ہوا تو ردعمل دیں گے، کراچی کے ساتھ ہونے والی زیادتیوں کے خلاف جلد عدالت جائیں گے،شہر میں سیوریج اور پانی کا نظام تباہ ہو چکا جس کی وجہ سے بہت مسائل پیدا ہو رہے ہیں اس کو درست کرنے کی ضرورت ہے، طاقتور بلدیاتی نظام ہمارا مطالبہ ہے، ا س کے لئے ہم نے سپریم کورٹ میں پٹیشن فائل کی ہوئی ہے، عدالت سے درخواست ہے کہ اس پر جلد سماعت شروع کی جائے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے گلشن اقبال 13 ڈی میں زیر تعمیر سڑک کے کاموں کے معائنے کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی میئر سید ارشد حسن، بلدیہ شرقی کے چیئرمین معید انور، ورکس کمیٹی کے چیئرمین حسن نقوی دیگر منتخب نمائندے اور بڑی تعداد میں علاقہ مکین بھی موجود تھے، اس سے قبل میئر کراچی نے تقریباً دو کلومیٹر علاقے میں پیدل چل کر علاقہ مکینوں سے ملاقات کی اور خیریت دریافت کی، بچوں اور خواتین نے اس موقع پر میئر کراچی کے ساتھ فوٹو اور سیلفیاں بنوائیں، علاقے کے عوام خصوصاً خواتین نے میئر کراچی کا شکریہ ادا کیا کہ 12 سال بعد علاقے میں پانی آیا، سیوریج کا نظام درست ہوا اور سڑک تعمیر ہورہی ہے۔