بلوچستان کے راستے ایک نیا سسٹم ملک میں داخل ہورہا ہے‘سردی میں اضافہ ہوگا
بارش کے 48 گھنٹے بعد شہر میں غیر معمولی سرد ہوائیں چلیں گی ، محکمہ موسمیات
کراچی (اسٹاف رپورٹر) محکمہ موسمیات نے کراچی میںآج ( جمعہ) کو موسم سرما کی پہلی بارش کی پیشگوئی کردی، بارش کے بعد شہر میں غیر معمولی سرد ہوائیں چلنے سے سردی کی شدت میں مزید اضافہ کا امکان ہے۔تفصیلات کے مطابق شہر قائد کے موسم بھی تبدیل ہونے لگاہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق بلوچستان کے راستے ایک نیا سسٹم ملک میں داخل ہورہا ہے جس کے نیتجے میں اندرون سندھ کے مختلف اضلاع اور بالخصوص کراچی میں 15 نومبر کو بارش کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق بارش کے 48 گھنٹے بعد شہر میں غیر معمولی سرد ہوائیں چلیں گی جس کی وجہ سے درجہ حرارت میں نمایاں کمی متوقع ہے اور سردی کی شدت میں مزید اضافہ کا امکان ہے۔شہر میں کم سے کم درجہ حرارت 18 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 30 ڈگری تک جانے کا امکان ہے۔
کراچی میں رات گئے ہلکی بارش موٹر سائیکل پھسلنے سے متعدد افراد زخمی
کراچی(اسٹاف رپورٹر) کراچی کے مختلف علاقوں میں جمعرات کی شام ہلکی بارش اور تیز ہوائیں چلتی رہیں۔ بارش اور تیز ہوائوں کی وجہ سے موسم قدرے خنک اور خوشگوار ہوگیا جبکہ سڑکوں پر پھسلن سے متعدد موٹر سائیکل سوار زخمی ہوگئے۔ جن علاقوں میں ہلکی بارش ہوئی ان میں ملیر‘ شاہ فیصل‘ گلشن اقبال‘ ٹاور‘ آئی آئی چندریگر روڈ ‘ میٹروول اور سولجر بازار سمیت دیگر علاقے شامل ہیں۔
