
چیف انجینئر کے ڈبلیو ایس ایس آئی پی ایوب شیخ نے ادارے میں پرائیوٹ افراد کی بھرتی کیلئے اشتہار جاری کردیا
واٹر بورڈ افسران نے وزیر بلدیات ناصر حسین اور ایم ڈی کے نجکاری نہ ہونے کے حوالے سے بیان کو گمراہ کن قرار دیدیا
کراچی(وقا ئع نگار خصوصی)کراچی کے اہم ترین ادارے کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کو پرائیویٹائز کرنے کی تمام ترتیاریاں مکمل کرلی گئیں،چیف انجینئر کے ڈبلیوایس ایس آئی پی ایوب شیخ نے ادارے میں پرائیوٹ افراد کی بھرتی کیلئے اشتہار جاری کردیا،واٹر بورڈ کے افسران وملازمین میں سخت بے چینی پھیل گئی، واٹر بورڈ کی نجکاری نہ ہونے کے حوالے سے وزیر بلدیات ناصر حسین شاہ اور ایم ڈی واٹر بورڈ کے دیئے گئے بیان کو افسران نے گمراہ کن قرار دیدیا ہے،تفصیلات کے مطابق کھربوں روپے مالیت کے اثاثے رکھنے والے ادارے کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کو پرائیویٹائز کئے جانے کے حوالے سے تمام شکوک وشبہات کا خاتمہ ہوگیا ہے، اور واٹر بورڈ اب پرائیویٹ ہونے جارہا ہے۔واٹر بورڈ کی نجکاری کے مبینہ ماسٹر مائنڈ قرار دیئے جانے والے چیف انجینئر کے ڈبلو ایس ایس آئی پی ایوب شیخ نے واٹر بورڈ کے بیشتر شعبہ جات میں پرائیوٹ ملازمین اور کنسلٹنٹ کی بھرتی کیلئے اشتہار جاری کردیا ہے،واٹر بورڈ کے افسران وملازمین کا کہنا ہے کہ چیئرمین واٹر بورڈ وصوبائی وزیر بلدیات ناصر حسین شاہ اور ایم ڈی واٹر بورڈ اسداللہ خان نے ذرائع ابلاغ کے سامنے واٹر بورڈ کی نجکاری نہ کئے جانے کے حوالے سے گمراہ کن بیان جاری کیا تھا جبکہ مذکورہ شائع کرائے گئے اشتہار نے اب تمام شکوک وشبہات کوختم کر دیا ہے،واٹر بورڈ کی نجکاری کیلئے تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں جس پر ادارے کے 13ہزار سے زائد افسران وملازمین کا مستقبل سوالیہ نشان بن گیا ہے۔