
ریلوے اراضی پر نئے تعمیر کئے گئے غیر قانونی مکانات گرانے گئے تھے ایک مکان گرادیا تھا، دوسرا گرانے لگے تو مشتعل مکینوں نے حملہ کردیا، ایس ایچ او شاہ لطیف
اورنگی ٹائون 5 نمبر پر فٹ پاتھ پر بنائی گئی فرنیچر مارکیٹ مسمار، دکانداروں کی مزاحمت کی کوشش، بنارس، ڈسکو موڑ بھاشانی کی سڑکوں کو صاف کردیا
علی گڑھ میں ہنگامہ آرائی ، ٹائر جلانے، انسداد تجاوزات کی ٹیم کو گھیرے میں لے کر تشدد کی کوشش، رینجرز کی آمد پر شرپسند فرار، ہوائی فائرنگ بھی کی، پروجیکٹ ڈائریکٹر اورنگی
کراچی(اسٹاف رپورٹر) بلدیہ عظمیٰ کراچی کے اورنگی ٹائون پروجیکٹ اور پولیس انتظامیہ نے مشترکہ انسداد تجاوزات آپریشن کے دوسرے روز اورنگی‘ مومن آباد سب ڈویژن اور بھینس کالونی ریلوے پھاٹک کے قریب ریلوے اراضی پر غیر قانونی تجاوزت اور تمام شاہراہوں کی فٹ پاتھوں‘ پتھاروں‘ تھیلوں‘ اضافی اراضی ‘پتھارے‘ کھانے کا سامان‘ سیڑھیاں ‘تخت کرسیاں‘ میزوں کیخلاف کارروائی کرتے ہوئے تجاوزات کا خاتمہ کردیا۔ سڑک بند کرنے اور فٹ پاتھوں پر ہوٹلوں اور دیگر دکانوں کے میٹریل کو بھی ہٹا کر ضبط کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق شاہ لطیف ٹائون تھانے کی حدود بھینس کالونی ریلوے پھاٹک کے قریب ریلوے اراضی پر قائم غیر قانونی تجاوزات کیخلاف ریلوے پولیس کی کارروائی کے دوران مکینوں نے ریلوے پولیس پر پتھرائو کردیا جس پر ریلوے پولیس نے ہوائی فائرنگ کی‘ مکینوں کے پتھرائو سے ایس ایچ او لانڈھی ریلوے سب انسپکٹر عبدالرزاق اور ڈی ایس پی ریلوے وزیر علی زخمی ہوگئے۔ ریلوے پولیس کی ہوائی فائرنگ پر مکینوں نے بھینس کالونی ریلوے پھاٹک کے قریب سڑک بلاک کرکے احتجاج کیا۔ اطلاع ملنے پر علاقہ پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور پولیس نے صورتحال پر قاعو پالیا‘ ایس ایچ او لانڈھی ریلوے سب انسپکٹر عبدالرزاق نے بتایا کہ ریلوے اراضی پر نئے تعمیر کئے گئے غیر قانونی مکانات گرانے گئے تھے ریلوے پولیس نے ایک مکان گرادیا تھا دوسرا مکان گرانے والے تھے کہ مشتعل مکینوں نے حملہ کردیا جس سے وہ اور ڈی ایس دی زخمی ہوگئے اس حوالے سے ایس ایچ او شاہ لطیف ٹائون رانا مقصود نے بتایا کہ ریلوے پولیس صبح ان کے پاس کارروائی کیلئے آئی تھی لیکن انہوں نے کارروائی سے انکار کردیا تھا۔ دریں اثناء اورنگی 5نمبر پر فرنیچر مارکیٹ جو فٹ پاتھ پر بنائی گئی تھی ہٹادی گئی‘ جبکہ دس نمبر فرنیچر مارکیٹ پر دکانداروں کی جانب سے مزاحمت کرنے کی کوشش کی گئی تاہم چھپرے‘ ایکسٹر الینڈ کو صاف کردیا گیا۔ پروجیکٹ ڈائریکٹر اورنگی محمد رضوان خان نے اپنی نگرانی میں بنارس‘ علی گڑھ مارکیٹ‘ ڈسکو موڑ بھاشانی اورنگی سب ڈویژن کی سڑکوں اور فٹ پاتھوں کو کلیئر کرایا۔ علی گڑھ چوک پر ہنگامہ آرائی ٹائر جلائے۔ انسداد تجاوزات ٹیم کو گھیر لیا۔ رینجرز کی آمد پر شرپسند فرار ہوگئے۔ انسداد تجاوزات کی ٹیم اور افسران پر تشدد کیلئے علی گڑھ مارکیٹ کے دکانداروں نے کوشش کی پولیس نے ناکام بنادی علی گڑھ مارکیٹ میں سڑک پر40 سے زائد دکانیں بنائی گئی تھیں۔ جنہیں مسمار کردیا گیا۔ نامعلوم افراد نے ہوائی فائرنگ بھی کی جس کی رپورٹ پولیس نے درج کرلی۔ پتھارے‘ کیبن‘ ہوٹلوں کا فٹ پاتھ پر رکھا سامان ضبط‘ چھپرے گرادیئے گئے۔ مارکیٹ کمیٹی کی ضمانت پر پی ڈی اورنگی اور ڈی ایس پی نے گرفتار شدگان کو اورننگ دیکر رہا کردیا۔ ڈی ایس پی عرفان احمد کی مداخلت پر مشتعل افراد منتشر ہوگئے۔