
کے ایم سی کی جانب سے روڈ کی کارپیٹنگ کی جا رہی تھی‘ سیوریج لائن کی تبدیلی پر لاکھوںکی لاگت آئی تھی
دھنسنے والی سیوریج لائن 60 سال پرانی ہے، مرمت کام فوری شروع کیا گیا ‘ایم ڈی واٹر بورڈ اسداللہ خان
کراچی(اسٹاف رپورٹر)شہر قائد میں کلب روڈ پر 10 روز قبل تبدیل کی گئی سیوریج لائن پھر بیٹھ گئی ہے، کے ایم سی کی جانب سے روڈ کی کارپیٹنگ کی جا رہی تھی کہ اس دوران سیوریج لائن دھنس گئی۔تفصیلات کے مطابق کراچی کے کلب روڈ پر سیوریج لائن دس روز بعد ایک بار پھر دھنس گئی ہے،ذرایع کا کہنا ہے کہ 54 انچ سیوریج لائن کی تبدیلی پر لاکھوں روپے لاگت آئی تھی۔سیوریج لائن زمین سے تقریباً 22 فٹ نیچے ڈالی گئی تھی، گزشتہ روز یہ کے ایم سی کے کام کے دوران پھر بیٹھ گئی، ایک روز گزر جانے کے باوجود نہ لائن تبدیل کی جا سکی نہ رساؤ روکا جا سکا تھا، تاہم، آج سیوریج لائن پر مرمت کا کام شروع کر دیا گیا ہے۔ایم ڈی واٹر بورڈ اسداللہ خان بھی مرمتی کام کا معائنہ کرنے پہنچ گئے، ان کا کہنا تھا کہ دھنسنے والی سیوریج لائن 60 سال پرانی ہے، مرمت کام فوری شروع کیا گیا ہے تاکہ اطراف میں اوور فلو کا مسئلہ پیدا نہ ہو، متاثرہ سیوریج لائن کی مرمت کا کام 24 گھنٹے میں مکمل کر لیا جائے گا۔