
بی ون ایریا کے سامنے مین روڈ سے گزرنے والی 8انچ قطر کی پائپ لائن لیک ہوگئی تھی
واٹر بورڈ کے اقدام سے اونچائی اور آخری سرے کے علاقوں میں پانی کی فراہمی شروع ہوگئی
کراچی (اسٹاف رپورٹر) لیاقت آباد ڈاکخانہ کے قریب پھٹنے والی پانی کی قدیم وخستہ 8انچ قطر کی پائپ لائن کو کامیابی کے ساتھ تبدیل کردیا گیا ہے ، واٹربورڈ کے اس اقدام سے اونچائی اور آخری سرے کے علاقوں میں بھی پانی کی فراہمی شروع ہوگئی ہے ،تفصیلات کے مطابق لیاقت آباد ڈاکخانہ کے قریب بی ون ایریا کے سامنے مین روڈ سے گزرنے والی 24انچ قطر کی پائپ لائن سے منسلک 8انچ قطر کی پائپ لائن لیک ہوگئی تھی جس کی واٹربورڈ کے عملے نے دن رات کام جاری رکھ کرمرمت کی اور پانی کی فراہمی شروع کردی گئی تاہم 50سال پرانی خستہ لائن پانی کا پریشر برداشت نہیں کرسکی اور دوسر ے مقام سے لیک ہوگئی جس کی مرمت کی گئی اس موقع کافائدہ اٹھاتے ہوئے واٹربورڈ کے عملے نے اس دوران 24انچ قطر کے خستہ کالر کی مرمت بھی کردی گئی ، اس کے نتیجہ میں اونچائی اور آخری سرے کے علاقوں میں بھی پانی کی فراہمی شروع ہوگئی ہے،واٹربوڈ کے اس اقدام سے ان علاقوں کے مکینوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے ۔