
کروڑوں روپے مالیت کی زمین واٹربورڈ کی ملکیت تھی جس پرلینڈ مافیا کے لوگوں نے قبضہ کیا ہوا تھا
کے ایم سی کے عملے نے تجاوزات کے خلاف آپریشن کے دوران صدر، گارڈن، رامسوامی سے درجنوں ٹھیلے ہٹادیئے، سامان بھی ضبط کرلیا گیا
کراچی (وقائع نگار خصوصی) کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ نے نیشنل اسٹیڈیم کے قریب کروڑوں روپے مالیت کی اراضی لینڈ مافیا سے واگزار کرالی جبکہ کے ایم سی نے شہر کے مختلف علاقوں میں کارروائی کرتے ہوئے سیکڑوں ٹھیلے اور پتھارے ہٹا دیے، واٹر بورڈ نے نیشنل اسٹیڈیم کے عقب میں واقع واٹر بورڈ کی اراضی پر کارروائی کرتے ہوئے قیمتی زمین پر قبضہ کی کوشش ناکام بنا دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق ایم ڈی واٹر بورڈ اسداللہ خان کو اطلاع ملی کہ کچھ افراد نیشنل اسٹیڈیم کے عقب میں واقع واٹر بورڈ کی اراضی پر تعمیرات کر رہے ہیں انہوں نے ایگزیکٹو انجینئر سی او ڈی اخلاق احمد راجپوت، اسسٹنٹ ایگزیکٹو انجینئر آصف علمدار اور نجیب احمد چیف سیکورٹی آفیسر میجر (ر) نواز گوندل کو کارروائی کی ہدایت کی۔ انہوں نے موقع پر پہنچ کر جاری تعمیراتی کام رکوا دیا، واٹر بورڈ کے افسران کے طلب کرنے پر شاہراہ فیصل تھانہ کی نفری بھی موقع پر پہنچ گئی اور قبضہ کی کوشش ناکام بنا دی گئی۔ بعدازاں قیمتی سرکاری اراضی پر قبضہ کرنے والے بااثر افراد کو پولیس اپنے ہمراہ تھانہ لے گئی۔ واٹر بورڈ نے ملزمان کے خلاف قانونی کارروائی اور مقدمہ کے اندراج کے لیے متعلقہ تھانہ میں درخواست جمع کرادی ہے۔ واضح رہے کہ بااثر ملزمان واٹر بورڈ کی تقریباً ڈیڑھ ایکڑ اراضی کے ایک حصے پر تعمیرات کر رہے تھے۔ دوسری جانب بلدیہ کراچی کے سینئر ڈائریکٹر لینڈ بشیر صدیقی کی نگرانی میں بلدیہ کراچی کے عملے نے پولیس کی مدد سے ضلع جنوبی کے علاقہ صدر گارڈن رامسوامی میں کارروائی کرتے ہوئے صدیق وہاب روڈ بادشاہی روڈ اور ایمپریس مارکیٹ میں درجنوں پتھارے، ٹھیلے اور رکھا ہوا سامان ضبط کرلیا۔ ضلع شرقی کے علاقہ اعظم بستی میں کارروائی کے دوران متعدد کیبن اور پتھارے ہٹا دیے گئے، ضلع کورنگی میں 12000 روڈ کورنگی ڈھائی نمبر ماڈل کالونی میں پتھاروں اور ٹھیلوں کے خلاف آپریشن کیا گیا، ضلع وسطی کے علاقہ لیاقت آباد اور ناظم آباد میں بھی کارروائی کی گئی جبکہ کسی مقام سے کسی قسم کی مزاحمت کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔