اسلام آباد کی احتساب عدالت نے جعلی بینک اکاؤنٹس کیس، نوری آباد پاور پلانٹ کے غیر قانونی ٹھیکوں اور مبینہ منی لانڈرنگ کے ریفرنس میں وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور دیگر ملزمان پر فردِ جرم عائد کرنے کیلئے 30 جون کی تاریخ مقرر کر دی۔ نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق عدالت نے وزیرِاعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سمیت تمام ملزمان کو آئندہ سماعت پر حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کر دی۔
تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت اسلام آباد نے شریک ملزم محمد علی کو بذریعہ اشتہار طلبی کے باوجود عدم حاضری پر اشتہاری قرار دے دیا اور اشتہاری ملزم کے دائمی وارنٹِ گرفتاری جاری کر دیئے۔ نیب کے پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ شریک ملزم محمد علی بیرونِ ملک روپوش ہے۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کی احتساب عدالت کے جج اصغر علی نے حکم دیا کہ ملزم کا نام ای سی ایل میں ڈالا اور اس کا شناختی کارڈ بلاک کیا جائے۔ وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ عدالت میں پیش نہ ہوئے، جس پر عدالت نے آج ان کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کر لی۔
عدالت نے حکم دیا کہ آئندہ سماعت پر تمام ملزمان عدالت میں پیش ہوں۔
