غلطیوں سے سیکھ کر اگلے دونوں میچز جیتنے ہوں گے، بابراعظم
نیویارک:قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم نے کہا ہے کہ غلطیوں سے سیکھ کر اگلے دونوں میچز جیتنے ہوں گے۔
ذرائع ابلاغ سے بات چیت کرتے ہوئے بابراعظم نے کہا کہ بھارت کے خلاف میچ میں ہم ابتدائی 6 اوورز میں توقع کے مطابق اچھی بیٹنگ نہیں کر سکے۔ انہوں نے کہا کہ پاور پلے میں پہلی وکٹ جانے کا بہت نقصان ہوا، جس کے بعد ٹیم سنبھل نہیں سکی۔
بابراعظم نے کہا کہ پے در پے وکٹیں گرنے سے میچ ہاتھ سے نکلتا گیا۔ اسی طرح زیادہ ڈاٹ بالز کھیلنے سے بھی ٹیم کو نقصان پہنچا۔ انہوں نے کہا کہ آخر میں آنے والے کھلاڑیوں سے کوئی امید نہیں باندھی تھی، ہم نے سوچا تھا پہلے ہی جیت جائیں گے۔
واضح رہے کہ قومی ٹیم کو اپنے پہلے میچ میں امریکا کے ہاتھوں سپر اوور میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا جس کے بعد بھارت کے خلاف ایونٹ کے بڑے ٹاکرے میں قومی ٹیم نے ناقص کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بدترین شکست پائی ہے۔