شہباز شریف اور رجب طیب اردوان کا ایران پر اسرائیلی حملوں کی مذمت
اسلام آباد:وزیراعظم شہباز شریف اور ترکی کے صدر رجب طیب اردوان نے ایران پر اسرائیل کے حالیہ حملوں کی سخت مذمت کی ہے اور مشرق وسطیٰ میں بڑھتی کشیدگی پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔
دونوں رہنماؤں نے ٹیلیفون پر گفتگو کے دوران اس بات پر زور دیا کہ مزید کشیدگی خطے میں امن و استحکام کے لیے خطرہ ہے اور تمام فریقین تحمل اور بردباری کا مظاہرہ کریں۔
وزیراعظم آفس سے جاری اعلامیے کے مطابق شہباز شریف نے صدر اردوان کو برادر خلیجی ممالک کی قیادت سے اپنے حالیہ رابطوں کے بارے میں آگاہ کیا اور پاکستان کی طرف سے مکمل یکجہتی اور بحران کے حل کے لیے تعمیری کردار ادا کرنے کی تیاری کا پیغام دیا۔ اعلامیے میں یہ بھی شامل کیا گیا کہ امریکا اور اسرائیل نے ایران پر مشترکہ جارحانہ حملہ کیا، جس کے نتیجے میں ہزاروں معصوم اور نہتے ایرانی شہید ہوئے جبکہ ایران سے مذاکرات مثبت انداز میں جاری تھے۔ اس کے باوجود دونوں ممالک نے دہشت گردانہ کارروائیوں کا مظاہرہ کیا، جس سے خطے میں کشیدگی اور انسانی بحران بڑھ گیا۔
وزیراعظم نے صدر اردوان کو افغانستان میں حالیہ پیش رفت سے بھی آگاہ کیا، اور دونوں رہنماؤں نے قریبی اور مسلسل رابطے میں رہنے اور خطے میں امن و استحکام کے قیام کے لیے اپنی مشترکہ کوششیں جاری رکھنے پر اتفاق کیا، تمام فریقین کو سفارتی حل کو ترجیح دینی چاہیے اور کسی بھی جارحانہ اقدام سے گریز کرنا چاہیے۔