کویت سٹی:وزارت داخلہ کویت نے شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کو ہدایت جاری کی ہے کہ وہ بدھ کی شب آدھی رات سے صبح چھ بجے تک اپنے گھروں میں رہیں، جسے ایک احتیاطی سیکیورٹی اقدام قرار دیا گیا ہے۔
وزارت داخلہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ فیصلہ ملک میں امن و امان برقرار رکھنے، سیکیورٹی آپریشنز کو مؤثر بنانے اور مجموعی استحکام یقینی بنانے کے لیے کیا گیا ہے، موجودہ علاقائی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے شہریوں سے تعاون کی اپیل کی گئی ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ یہ اقدام عارضی نوعیت کا ہے تاہم اس کا مقصد کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پیشگی تیاری کو یقینی بنانا ہے۔ وزارت نے عوام سے ہدایت پر مکمل عملدرآمد اور غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کرنے کی تاکید کی ہے۔
یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ایران کے حوالے سے دی گئی ڈیڈ لائن کے باعث خطے میں کشیدگی بڑھ رہی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ صورتحال کا مسلسل جائزہ لیا جا رہا ہے اور اگر ضرورت پڑی تو مزید اقدامات بھی کیے جا سکتے ہیں، وہ سرکاری ہدایات پر عمل کریں اور کسی بھی افواہ سے گریز کریں۔