اٹلی کے سابق وزیرِاعظم پاؤلو جینٹی لونی نے وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف کے کردار کو سراہتے ہوئے انہیں عالمی امن کے لیے نمایاں خدمات انجام دینے پر نوبیل انعام کا مستحق قرار دیا ہے۔
غیر ملکی ذرائع ابلاغ کی رپورٹس کے مطابق اٹلی کے سابق وزیرِاعظم پاؤلو جینٹی لونی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر جاری اپنے بیان میں امریکا، اسرائیل اور ایران کے درمیان جنگ بندی کے لیے کی جانے والی کوششوں کو قابلِ تعریف قرار دیا اور کہا کہ اس عمل میں کامیابی حاصل کرنا ایک اہم سفارتی پیش رفت ہے، وزیراعظم شہباز شریف کی کوششیں اس نوعیت کی تھیں کہ انہیں عالمی سطح پر نوبیل انعام ملنا چاہیے۔
Forse merita il Nobel. Il Pakistan.
— Paolo Gentiloni (@PaoloGentiloni) April 8, 2026
یاد رہے کہ حالیہ پیش رفت کے تحت امریکا اور ایران کے درمیان پاکستان کی ثالثی میں دو ہفتے کی جنگ بندی پر اتفاق کیا گیا، جس کا باضابطہ اعلان بدھ کی رات امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے کیا گیا۔
جنگ بندی کے اعلان کے بعد اہم عالمی آبی گزرگاہ آبنائے ہرمز سے بحری جہازوں کی آمدورفت دوبارہ شروع ہو گئی ہے، جو عالمی توانائی کی ترسیل کے لیے ایک نہایت اہم راستہ سمجھا جاتا ہے اور اس کی بحالی کو عالمی منڈی کے لیے مثبت اشارہ قرار دیا جا رہا ہے۔
عالمی میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستانی وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیرکی جانب سے سفارتی اور عملی سطح پر کی گئی کوششوں کو بین الاقوامی حلقوں میں سراہا جا رہا ہے، اور اسے خطے میں کشیدگی کم کرنے اور امن کی راہ ہموار کرنے کی ایک سنجیدہ کاوش کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔