پشاور: قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی پی ٹی آئی کے مردان جلسے کے حوالے سے اعتماد میں نہ لینے پر ناراض ہوگئے ہیں اور انہوں نے جلسے میں شرکت سے بھی معذرت کرلی ہے۔
ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی پشاور ریجن کے صدر عاطف خان نے محمود اچکزئی سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور انہیں جلسے میں شرکت کی دعوت دی، تاہم انہوں نے اس پر آمادگی ظاہر نہیں کی۔
بتایا گیا ہے کہ پارٹی قیادت نے مردان جلسے کا اعلان کیا، مگر انہیں اس فیصلے سے قبل اعتماد میں نہیں لیا گیا، جس پر ان کے تحفظات سامنے آئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق بانی پی ٹی آئی عمران خان نے جلسوں اور احتجاج سے متعلق فیصلوں کا اختیار محمود اچکزئی کو دیا ہوا ہے۔
مزید بتایا گیا کہ 19 اپریل کو مردان میں ہونے والے جلسے کا اعلان وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے براہِ راست کیا تھا، جبکہ اس سے قبل راولپنڈی جلسے کے معاملے پر بھی محمود اچکزئی نے عدم شرکت کا فیصلہ کیا تھا۔