کراچی سمیت صوبہ سندھ میں سنگین جرائم میں مطلوب لیاری گینگ وار سے وابستہ مبینہ ملزم وصی اللہ لاکھو کے خلاف عالمی سطح پر کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے اور اس سلسلے میں انٹرپول نے ریڈ وارنٹ جاری کر دیا ہے، جس کے بعد اس کی گرفتاری کی راہ مزید ہموار ہو گئی ہے۔
سرکاری ذرائع کے مطابق سندھ پولیس کی سفارش پر وفاقی وزارت داخلہ نے معاملہ انٹرپول کے سامنے اٹھایا تھا، جس کے نتیجے میں ملزم کے خلاف ریڈ وارنٹ جاری کیا گیا۔ وصی اللہ لاکھو کو طویل عرصے سے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مطلوب تھا اور وہ لیاری گینگ وار کے اہم کرداروں میں شمار کیا جاتا ہے۔
پولیس حکام کے مطابق ملزم دہشت گردی، بھتہ خوری اور دیگر سنگین جرائم سمیت درجنوں مقدمات میں نامزد ہے جبکہ اس کے خلاف 60 سے زائد کیسز درج ہونے کی تصدیق بھی کی گئی ہے۔ وہ تاجروں کو دھمکانے اور منظم جرائم کے نیٹ ورک کا حصہ رہنے کے الزامات کا سامنا کر رہا ہے۔
ریڈ وارنٹ میں وصی اللہ لاکھو کو انتہائی خطرناک اور مفرور قرار دیتے ہوئے بین الاقوامی قانون نافذ کرنے والے اداروں کو بھی الرٹ کر دیا گیا ہے۔ اب ملزم کی گرفتاری کے لیے عالمی سطح پر مربوط اقدامات کیے جائیں گے تاکہ اسے انصاف کے کٹہرے میں لایا جا سکے۔