لاہور ہائیکورٹ نے خاتون ڈاکٹر کی نازیبا ویڈیو بنا کر بلیک میل کرنے کے الزام میں گرفتار ملزم کی ضمانت درخواست مسترد کر دی۔
جسٹس وحید خان نے ملزم اسرار مجید کی درخواست پر سماعت کی، جس دوران ایف آئی اے کی جانب سے ڈپٹی اٹارنی جنرل راجہ اخرم عدالت میں پیش ہوئے۔
سرکاری وکیل کے مطابق ملزم ایک نجی اسپتال میں ڈرائیور تھا اور ملازمت سے نکالے جانے کے بعد اس نے ایک گارڈ کے ساتھ مل کر گھر کے واش روم میں خفیہ کیمرے نصب کیے۔ بعد ازاں اس نے ویڈیو بنا کر خاتون ڈاکٹر سے 25 لاکھ روپے کا مطالبہ کیا۔ ایف آئی اے نے ڈاکٹر کے بیٹے کی درخواست پر ملزم کو گرفتار کیا۔
ملزم کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ ان کا موکل گزشتہ 10 ماہ سے جیل میں ہے اور اصل حقائق ٹرائل کے دوران سامنے آئیں گے۔
عدالت نے دلائل سننے کے بعد درخواست ضمانت مسترد کرتے ہوئے قرار دیا کہ ملزم کا عمل ایسا نہیں کہ اسے رعایت دی جا سکے۔