واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے ساتھ تعطل کا شکار جنگ بندی مذاکرات کے حوالے سے ایک اہم دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران نے خود اپنی اندرونی صورتحال کو کمزور قرار دیا ہے اور آبنائے ہرمز کھولنے کی درخواست بھی کی ہے۔
ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر جاری بیان میں کہا کہ ایران نے اعتراف کیا ہے کہ وہ اندرونی طور پر زوال پذیر ہے اور اپنی قیادت کی صورتحال کو سنبھالنے کی کوشش کر رہا ہے،ایران نے امریکا سے مطالبہ کیا ہے کہ آبنائے ہرمز کو جلد از جلد کھولا جائے تاکہ خطے میں کشیدگی کم کی جا سکے۔
امریکی صدر کا کہنا تھا کہ ان کے خیال میں ایران اس بحران سے نکلنے کی صلاحیت رکھتا ہے، انہوں نے اپنے بیان میں یہ واضح نہیں کیا کہ ایرانی حکام نے ان سے کب کہاں اور کس سطح پر رابطہ کیا۔
دوسری جانب اس بیان کے بعد بین الاقوامی سطح پر شکوک و شبہات بھی پیدا ہوئے ہیں کیونکہ تاحال ایران کی جانب سے اس دعوے پر کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا اور نہ ہی کسی عالمی ذریعے نے اس کی تصدیق کی ہے۔